ہزارہ ڈویژن کی ایکس چینج کمپنیوں نے فول پروف سیکورٹی فراہم نہ کرنے کی صورت میں تمام کمپنیاں بند کرنے کا اعلان کر دیا

جمعرات 3 مئی 2018 14:06

ہزارہ ڈویژن کی ایکس چینج کمپنیوں نے فول پروف سیکورٹی فراہم نہ کرنے ..
مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) ہزارہ ڈویژن کی ایکس چینج کمپنیوں نے خیبر پختونخوا پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے فول پروف تحفظ نہ فراہم کرنے کی صورت میں تمام ایکس چینج کمپنیاں بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مرکزی صدر ملک محمد بوستان نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہزارہ ڈویژن کی ایکس چینج کمپنیوں سے لوٹی گئی کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی کی دہشت گردی میں استعمال ہونے کے خطرات پیدا ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

گذشتہ ایک سال میں صرف ہزارہ ڈویژن میں ڈکیتیوں کی سات وارداتیں ہوئیں جن میں ایکس چینج کمپنیوں کی بکتر بند گاڑیوں سے مجموعی طور پر 11 کروڑ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی لوٹی گئی لیکن خیبر پختونخوا کی مثالی پولیس تاحال ان کی ریکوری اور ڈاکوئوں کے منظم گروہوں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2007ء میں بھی منظم ڈکیتیوں کے بعد طالبان کو عروج ملا، اس تناظر میں اب حکومت اور متعلقہ ذمہ داروں کو جاگنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے سول اب سرکاری اداروں کی وردیوں میں ڈکیتیاں کی جا رہی ہیں، آرمی چیف اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ایکشن لیں۔