بالاکوٹ سے بٹسنگرہ جانے والی جیپ گہری کھائی میں گرنے سے جیپ ڈرائیور جاں بحق، ایک شخص زخمی

جمعرات مئی 14:07

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی2018ء) بالاکوٹ سے بٹسنگرہ جانے والی جیپ کانشیاں کے مقام پر گہری کھائی میں گرنے کے نتیجہ میں جیپ کا ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہو گیا، حادثہ میں ساتھ بیٹھا ایک دوسرا شخص اورنگزیب شدید زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جیپ میں سوار افراد ماتم پر جا رہے تھے۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق بالاکوٹ سے بٹسنگڑہ جانے والی جیپ کانشیاں کے مقام پر گہری کھائی میں گرنے سے ڈرائیور عمر زمان ولد محبوب موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ گاڑی میں سوار ایک شخص اورنگزیب شدید زخمی ہوا۔

واقعہ کی اطلاع پر مقامی افراد نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا اور جان پر کھیلتے ہوئے نعش کو کھائی سے نکالا جبکہ زخمی اورنگزیب کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ واضح رہے کہ بٹسنگڑہ کانشیاں کے مقام پر ہونے والے اس طرح کے حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں جو سڑک کی حالت زار اور زلزلہ کے بعد سے عدم تعمیر بنیادی وجہ ہے۔ مقامی افراد نے حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سڑکوں کی عدم تعمیر پر شدید احتجاج بھی کیا ہے۔