فیسکو8 اضلاع کے پونے تین کروڑسے زائد صارفین کو اپنی خدمات فراہم کر رہی ہے، ترجمان

جمعرات 3 مئی 2018 14:19

فیصل آباد۔3 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو)8 اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، بھکر، سرگودھا، خوشاب، میانوالی کے پونے تین کروڑ سے زائد صارفین کو اپنی خدمات فراہم کر رہی ہے اور بجلی کی بلاتعطل و تسلسل کے ساتھ فراہمی کیلئے سابقہ سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ نئے گرڈاسٹیشنز کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے جبکہ بجلی کی سہولت سے محروم سینکڑوں دیہی علاقوں کو اولین ترجیح کے طور پر بجلی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جارہی ہے تاہم یہ واپڈا فیسکو صارفین کا بھی فرض ہے کہ وہ اپنے ذمہ واجب الادا تمام بقایا جات فوری طور پر ادا کردیں تاکہ فیسکو کے نظام میں وسعت لائی جاسکے۔

(جاری ہے)

فیسکو کے ترجمان نے بتایا کہ فیسکو کے لائن لاسز میں بھی بہت حد تک کمی لائی گئی ہے اور سسٹم میں بہتری لانے کیلئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں جن کے مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا نے اپنے تمام نادہندگان کو حتمی طور پر آگاہ کیا ہے کہ وہ اپنے ذمہ واجب الادا رقوم فوری جمع کرادیں ورنہ ان کے کنکشن منقطع کر دیئے جائیں گے۔