مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور بامعنی حل کے لئے تمام اسٹیک ہولڈروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ، اوپی شاہ

پاکستان اور کشمیر کے لوگوں کے تاثرات پر مبنی رپورٹ وزیر اعظم نریندر مودی کو پیش کروں گا ، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 3 مئی 2018 15:03

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) معروف سیاسی تجزیہ کار اور ٹریک ٹوڈپلومیٹ اوپی شاہ نے کہا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈروں کو اپنے اندر جھانک کر مسئلہ کشمیرکے پائیدار اور بامعنی حل کی خاطر پرامن اور خوشگوار ماحول قائم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حریت رہنمائوں سید علی گیلانی ، میرواعظ اور دیگر سے ملاقات کے بعد کیا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور سول سوسائٹی سے وابستہ لوگوں سے ملاقات کرنے کے بعد میرا یہ ماننا ہے کہ وہاں پر بھی مختلف طبقات سے وابستہ لوگ اس دیرینہ تنازعہ کے پرامن حل کے خواہاں ہیں اور اس کے لئے سازگار پرامن ماحول کو یقینی بنانا ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے مقامی اور قومی میڈیا کو پل کی حیثیت سے کام کرنا ہو گا تاکہ سماج میں پائی جا رہی دوریوں کو دور کرنے کے علاوہ مفاہمت کے لئے سازگار ماحول کو پروان چڑھایا جائے انہوں نے کہا کہ حریت رہنمائوں سید علی گیلانی اور میرواعظ عمر فاروق نے بھی مفاہمت کو اولیت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن اور پائیدار حل کے لئے مذاکرات واحد طریقہ کار ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے ہمیشہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی آڑے آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آر پار کے لوگوں کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید خوشگوار ہو جاتیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یہاں کے لوگوں سے ملنے کے بعد میں نے جو تاثرات جمع کئے ہیں ان کی رپورٹ مرتب کر کے ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی کو پیش کروں گا ۔ ۔