Live Updates

نوازشریف کی سینے میں دفن راز کھولنے کی دھمکی

2014کے دھرنے کے راز بھی بہت جلد سامنے آجائیں گے، ریاست پرایک ستون نے قبضہ کرلیا ،نیب کہتی ہے کہ اس کا سورج پورے ملک میں چمک رہا ہے مگر سندھ میں لوگوں کو استثنا دے رہا ہے، زرداری صاحب نے بیان نہیں دیا توبریکنگ نیو زکس کے کہنے پر چلائی گئی ، پاکستان تنہائی کی طرف جارہا ہے ہمیں ہوش کے ناخن لینے ہونگے،میڈیا سے گفتگو

جمعرات 3 مئی 2018 15:03

نوازشریف کی سینے میں دفن راز کھولنے کی دھمکی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) سابق وزیراعظم نوازشریف نے سینے میں دفن راز کھولنے کی دھمکی دیتے ہو ہے کہا ہے کہ ریاست پرایک ستون نے قبضہ کرلیا ہے اورہمارا مقابلہ پیپلزپارٹی یا پی ٹی آئی سے نہیں بلکہ خلائی مخلوق سے ہے۔نیب کہتی ہے کہ اس کا سورج پورے ملک میں چمک رہا ہے مگر سندھ میں نیب لوگوں کو استثنا دے رہا ہے ، 2014 کے دھرنے کے راز بھی بہت جلد سامنے آجائیں گے ۔

احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ صحافت کے ساتھ ساتھ ہمارا گلا بھی دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہمارا مقابلہ پیپلزپارٹی یا پی ٹی آئی سے نہیں بلکہ خلائی مخلوق سے ہے، خلائی مخلوق اپنی مرضی کی پارلیمنٹ لانے میں مصروف ہے، یہاں مغل بادشاہی کا دورنہیں ہے کہ ہرچیز ایک ہاتھ میں ہو اورریاست کے تین ستون ہوتے ہیں جس پر ایک ستون نے قبضہ کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب کا بیان مختلف چینلز اور اخبارات پر بریکنگ کے طور پرآیا، اگر زرداری صاحب نے بیان نہیں دیا توبریکنگ کس کے کہنے پر چلائی۔ نوازشریف نے کہا کہ آج پوچھنا چاہتا ہوں کہ پارلیمنٹ اور گورنمنٹ کی رٹ کہاں ہے، جب مجھے پارٹی صدارت سے نکالا گیا تو وہ کس طرح سے قانونی تھا۔نوازشریف نے کہا کہ نیب کہہ رہا ہے ان کا سورج پورے ملک میں چمک رہا ہے لیکن سندھ میں لوگوں کواستثنا دیا جا رہا ہے۔

2014 کے دھرنے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس بہت کچھ ہے جو ابھی منظرعام پر نہیں آیا، دھرنے کے بارے میں بہت سے حقائق ہیں جو جلد منظرعام پرآجائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تنہائی کی طرف جارہا ہے ہمیں ہوش کے ناخن لینے ہونگے اس طرح سے ملک نہیں چلے گا بانیان پاکستان نے قانون کے حکمرانی کے علاوہ کچھ سوچا نہیں ہوگا پانامہ فیصلے سے اقتصادی ترقی روک گئی اور روپے کی قدر میں بھی کمی آئی جبکہ زیر مبادلہ کے ذخائر بھی دن بدن کم ہوتے جارہے ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد میں انٹر نیشنل لیول کا ائیرپورٹ بنوادیا ہے جو پاکستانی باہر سے واپس آئیں گے وہ اسے دیکھ کر خوش ہونگے پہلے ساری بین الاقوامی ائیر لائنز پاکستان آتی تھی اب ہم نے نیا ائیر پورٹ تو تعمیر کردیا اب بہت جلد انٹرنیشنل ائیر لائنز کی بھی پاکستان آمد ہوگی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات