کشمیری کبھی بھی بھارت سے شکست نہیں مانیں گے ‘سید علی گیلانی

کشمیری سیاسی رہنماء اپنی سزائوں کاعرصہ مکمل کرنے کے باوجود اب بھی جیلوں میں نظربند ہیں بھارتی حکومت کے ساتھ مذاکرات میں کبھی بھی کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوئی‘او پی شاہ سے ملاقات میں اظہار خیال

جمعرات 3 مئی 2018 15:08

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے کہاہے کہ کشمیری سیاسی رہنماء اپنی سزائوں کاعرصہ مکمل کرنے کے باوجود اب بھی جیلوں میں نظربند ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے ان خیالات کا اظہار حیدر پورہ سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر بھارتی سول سوسائٹی کے معروف رکن اور سینٹر فار پیس اینڈ پروگرس کے چیئرمین او پی شاہ سے ملاقات کے دوران کیا۔

او پی شاہ نے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وہ کشمیری نظربندوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کا معاملہ متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھائیں گے ۔انہوںنے کہاکہ انہیں سیدعلی گیلانی کی طرف سے یہ بات سن کر افسوس ہوا ہے کہ کشمیری سیاسی نظربندوں کو جیلوں میں بھی ہراساں کیاجارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ انہوںنے حریت چیئرمین کو بتایا ہے کہ وہ یہ معاملہ وزارت داخلہ اور پولیس کے نوٹس میں لائیں گے کیونکہ قانون کی نظرمیں تمام افراد برابرہیں اور کسی بھی مختلف حیلے بہانوں سے ہراساں نہیں کیاجانا چاہیے۔

او پی شاہ نے کہاکہ انکے دورے کا اہم مقصد سید علی گیلانی کو بھارت کے ساتھ مذاکرات کیلئے قائل کرنا تھا ۔ انہوںنے کہاکہ انہوںنے سیدعلی گیلانی کو بتایا کہ تمام مسائل کو صرف مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیاجاسکتا ہے تاہم حریت چیئرمین نے انہیں بتایا کہ بھارتی حکومت کے ساتھ مذاکرات میں کبھی بھی کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ادھر او پی شاہ نے سرینگر میں جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار اور انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن اونتو سے بھی ملاقات کی۔

مسلم کانفرنس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ شبیر احمد شاہ نے او پی شاہ کو بتایا کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہیں اور بھارت کو سمجھنا چاہیے کہ کوئی بھی مذاکرات کے خلاف نہیں ہے تاہم ان کا مقصد کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ہونا چاہیے۔ انہوںنے او پی شاہ کو بتایا کہ کشمیری عوام بھارتی ریاستی دہشت گردی کے سامنے کبھی بھی ہار نہیں مانیں گے اور اپنی جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے ۔