دورہ انگلینڈ کیلئے نظرانداز وہاب کا انگلش کاؤنٹی سے معاہدہ

قومی فاسٹ باؤلر معاہدے کے تحت 10 میچز میں ڈربی شائر کی نمائندگی کریں گے

جمعرات 3 مئی 2018 15:08

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) انگلش کاؤنٹی کرکٹ کلب ڈربی شائر نے رواں برس شیڈول وائٹالٹی ٹی20 ٹورنامنٹ کیلئے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیلئے نظر انداز کیے جانے والے پاکستانی فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کی خدمات حاصل کر لیں۔32 سالہ وہاب ریاض نے گزشتہ سال اکتوبر میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں آخری بار ملک کی نمائندگی کی تھی تاہم ناقص فارم کی وجہ سے انہیں قومی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں مشکلات کا سامنا ہے اور ٹیم کے کوچ مکی آرتھر انہیں تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔

آرتھر نے دورہ انگلینڈ کے لیے لگائے گئے کیمپ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں وہاب ریاض کو شامل نہ کرنے کے سوال پر کہا تھا کہ وہاب نے گزشتہ 2 برسوں کے دوران اپنی کارکردگی سے ٹیم کو فتوحات نہیں دلوائیں اس لیے انہیں اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا۔

(جاری ہے)

قومی فاسٹ باؤلر معاہدے کے تحت 10 میچز میں ڈربی شائر کی نمائندگی کریں گے۔انگلش کاؤنٹی سے معاہدے کے بعد وہاب ریاض نے امید ظاہر کی کہ انگلینڈ میں شیڈول ٹورنامنٹ ان کی ٹیم میں دوبارہ واپسی میں مددگار ثابت ہو گا اور اس ہدف کے حصول کیلئے وہ خوب جان لڑائیں گے۔ڈربی شائر کرکٹ ایڈوائزر کم بارنیٹ نے کہا کہ وہاب ریاض ماہر باؤلر ہیں اور انٹرنیشنل کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، امید ہے کہ وہ ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :