مذہبی سوچ کی حامل جماعتوں کا اتحاد ملک میں انقلاب کی نوید ثابت ہوگا ، حافظ احمدعلی

جمعرات 3 مئی 2018 15:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) جمعیت علمائے اسلام(س) کے مرکز ی ڈپٹی سیکرٹری حافظ احمد علی نے کہا ہے کہ مولانا سمیع الحق کی قیادت میں سیاسی ،مذہبی جماعتوں کا اتحاد ملک کی تعمیر و ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا ،غریب عوام جس طرح غربت ،بے روزگاری ،بد امنی ،کے دنگل میںپھنسی ہے اس سے ملک میں افراتفری مچی ہے ،کبھی حکمران پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کر کے عوام کاخون چوس رہے ہیں تو کبھی پانی بجلی ،گیس ، کے اضافی بل بھیج کر عوام کو پریشان کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تعلیم ،صحت کا پورے ملک میں ناقص نظام رائج ہے حکمران اپنااور اپنے خاندان کا علاج معالج بیرون ملک میں کرواتے ہیں، اپنے بچوں کو تعلیم کے لئے بیرون ملک بھیجتے ہیں ، کسی بھی محکمے کانظام تسلی بخش نہیں ہے ۔حکمران جاتے جاتے بھی عوام کو جھوٹی تسلی دے رہے ہیں ، حکومت نے اپنا پانچ سالہ دور جلسوں جلوسوں طعنوں شکنی ،جھوٹے وعدوں اور دعوئوں میں گزار دیا ، حکومت کے پاس کوئی پلاننگ،واضح منصوبہ نہیں ہے ،کسی بھی شعبے کی تعمیر ،ترقی عمل میں نہیں آسکی عوام اب ان حکرانوں کے جھوٹے جھانسوں میں نہیں آئیں گے۔