قومی شناختی کارڈ کے اجراء کو سہل بنانے کیلئے جوکمشنرکراچی نے جوہدایت دی ہے نادرا اس پر عمل کرے،حیدر علی حیدر

شہریوں بالخصوص بہاریوں اور بنگالیوں کو جان بوجھ کر تنگ کیا جارہا ہیکمشنر کراچی کا نادرا سے متعلق نوٹس لینے پر سائبان کا اظہارِ تشکر

جمعرات مئی 15:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی2018ء) انسانی حقوق کی نامور تنظیم سائبان انٹرنیشنل ویلیفئر آرگنائزیشن کے جنرل سکریٹری حیدر علی حیدر نے اپنے بیان میں کمشنر کراچی اعجاز احمد کا نادرا حکام سے شہریوں کو درپیش تکالیف کا نوٹس لینے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ نادرا سے کراچی کے شہریوں کو بے حد شکایتوں کا سامنا ہے لیکن اس جانب کوئی توجہ دینے والا نہیں ہے ایسے میں کمشنر کراچی اعجاز احمد نے شہریوں کی تکالیف کو محسوس کرتے ہوئے نادراکو قومی شناختی کارڈ کے اجراء کو سہل بنانے کیلئے جو ہدایت کی ہے نادرا کو چاہئے کہ وہ کمشنر کراچی کی ہدایت پر عمل کرے اور شناختی کارڈ کے اجراء کو سہل اور آسان بنائے۔

حیدر علی حیدر نے کہا کہ نادرا بطورِ خاص مرحوم مشرقی پاکستان سے مختلف ادوار میں آنے والے بہاریوں اور بنگلہ دیش کے قیام کے بعد بنگلہ دیشی شہریت قبول نہ کرنے والے محبِ وطن بنگالیوں کو پاکستانی تو کیا انسان بھی نہیں سمجھتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بے شمار ایسے گھرانے موجود ہیں جن میں کچھ افراد کو شناختی کارڈ کے اجراء کردیا گیا جبکہ کچھ افراد کو پاکستانی ماننے کو تیار نہیں اس صورتِ حال کے پیشِ نظر لوگ بے روزگار اور فاقہ کشی کا شکار ہوکر رہ گئے ہیں اور والدین کی وجہ اسے ان کے بچے بھی تارکین ِ وطن میں شمار کئے جاتے ہیں جس پر اربابِ اختیار کی فوری توجہ درکار ہے۔