ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرزکے زیر اہتمام بین الاقوامی نمائش آج پاک چائنا فرینڈ شپ سنٹر اسلام آباد میں منعقد ہوگی

نمائش میں تعمیراتی شعبہ سے وابستہ مقامی اور بین الاقوامی کمپنیاں شرکت کریں گی

جمعرات مئی 15:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی2018ء) ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آ باد) کے زیر اہتمام بین الاقوامی نمائش (آج) جمعہ کو پاک چین فرینڈ شپ سنٹرمیں منعقد ہوگی جس میں تعمیرات کے شعبہ سے وابستہ مقامی اور بین الاقوامی کمپنیاں شرکت کریں گی۔ آباد کے چیئرمین عارف یوسف جیوا نے ایسوسی ایشن کے پٹرن ان چیف محسن شیر خانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صحافیو ںکو بتایاکہ ایسوسی ایشن ملک میں متوسط طبقہ کے لئے سستے مکانات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے جامع اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں تقریباً 9ملین سے زائد مکانات کی قلت کاسامنا ہے اور متوسط و کم آمدنی والے افراد کو زیادہ رہائشی مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال منعقد ہونے والی نمائش کے دوران ایسوسی ایشن نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور سمیت ملک کے دیگر کئی شہروں میں جدید سہولتوں سے آراستہ سستے مکانات کی فراہمی کے حوالے سے بکنگ کی تھی اور اس دوران لوگوں نے مختلف شہروں میں مکانات کے حصول کے لئے کثیر تعداد میں رجسٹریشن کروائی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مختلف شہروں میں مکانات کے حصول کے لئے کرائی جانے والی رجسٹریشن کے پیش نظر آباد نے وفاقی دارالحکومت سمیت دیگر مختلف شہروں میں زمین کے حصول کاکام شروع کردیا ہے۔ جلد از جلد تعمیرات کا آغاز کردیا جائی گا اور شہریوںکو بین الاقوامی معیار کی جدید ترین اور سستی رہائش کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں نئے ایئر پورٹ کے قریب زمین کی خریداری کی جا رہی ہے جہاں پر جڑواں شہروں کے لئے مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی نمائش میں تعمیرات کے شعبہ سے وابستہ مقامی کمپنیوں کے علاوہ کئی بین الاقوامی کمپنیاں بھی شرکت کررہی ہیں جہاں پر وہ اپنی مصنوعات اور خدمات کی نمائش کریں گی۔ انہوں نے کہاکہ نمائش کے انعقاد سے ملک میں ہائوسنگ اور تعمیرات کے شعبہ کی ترقی میں مدد ملے گی۔ عارف یوسف جیوا نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہائوسنگ کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں اور مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو اس سے استفادہ کرتے ہوئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ تعمیرات کے شعبہ سے 30 سے زائد صنعتیں وابستہ ہیں اور شعبہ کے فروغ سے ان صنعتوں کی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوتاہے جس سے نہ صرف تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں بڑھتی ہیں بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تین روزہ بین الاقوامی نمائش کاآغاز آج جمعہ کو پاک چین فرینڈ شپ سنٹر میں ہو گا جو تین روز جاری رہنے کے بعد 6مئی بروز اتوار کو اختتام پذیر ہو گی۔