بدقسمتی سے زراعت کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، بجلی کی کمی دور کرنے کے لئے کالا باغ ڈیم کی ضرورت ہے تاہم اس کو سیاسی مسئلہ بنا دیا گیا

مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری محمد اشرف کا قومی اسمبلی میں بجٹ بحث کے دوران اظہار خیال

جمعرات 3 مئی 2018 16:17

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری محمد اشرف نے کہا ہے کہ کالاباغ ڈیم کے معاملے کو معاشی مسئلے کی بجائے سیاسی مسئلہ بنا دیا گیا ہے‘ کالا باغ ڈیم تعمیر ہو جائے تو اس سے بجلی اور پانی کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں بجٹ بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا زراعت کا شعبہ کسی دور میں اتنا مستحکم تھا کہ اس کی مثال نہیں ملتی تھی۔

(جاری ہے)

ایوب کے مارشل لاء سے قبل پاکستان نے ایک پائی قرض نہیں لیا تھا۔ ہر مارشل لاء میں قرض لینے کی بنیاد پڑی۔ اگر ہم زراعت کو سنبھال لیں اس کو سہارا دیں تو ہم قرضوں سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ بدقسمتی سے زراعت کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ آلو مارکیٹ میں کوئی نہیں خریدتا‘ ہمارا چاول بھارت عالمی مارکیٹ میں فروخت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی پر حکومت نے بہت محنت کی ہے۔ کول پلانٹ لگائے گئے۔ بجلی کی کمی دور کرنے کے لئے کالا باغ ڈیم کی ضرورت ہے تاہم اس کو سیاسی مسئلہ بنا دیا گیا ہے۔ یہ ڈیم بنا ہوتا تو دریائے سندھ سے سندھ کی اراضی محفوظ ہو سکتی ہے۔