سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان عالمی تنظیم، انٹر نیشنل آرگنائزیشن آف سکیورٹیز کمیشنز (آئیسکو) کے بورڈ کا رکن منتخب،آئیسکو بورڈ کے الیکشن میں یہ ایس ای سی پی کی چوتھی مسلسل کامیابی ہے

جمعرات 3 مئی 2018 17:33

سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان عالمی تنظیم، انٹر نیشنل ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) سکیورٹیز کمیشنز کی عالمی تنظیم، انٹر نیشنل آرگنائزیشن آف سکیورٹیز کمیشنز (آئیسکو) کے بورڈ کا ممبر منتخب ہو گیا ہے۔ یہ انتخاب آئیسکو کے بورڈ کی دو سالہ مدت 2020 تک کے لئے ہے جبکہ آئیسکو بورڈ کے الیکشن میں یہ ایس ای سی پی کی چوتھی مسلسل کامیابی ہے۔

آئیسکو دنیا بھر کی کپیٹل مارکیٹوں میں ریگولیٹری معیارات کو متعین کرنے اور ان کی جانچ پڑتال کرنے والا بین الاقوامی ادارہ ہے جس کے رکن ممالک کی تعداد ایک سو پندرہ ہے جو کہ دنیا کی پچانوے فیصد کپیٹل مارکیٹ کا احاطہ کرتی ہے۔ پاکستان 1998 سے آئیسکو کا ممبر ہے۔ آئیسکو بورڈدنیا بھر کی کپیٹل مارکیٹوں میں ریگولیٹری معیارات متعین کرنے کے حوالے سے فیصلہ سازی کرنے کا اہم ادارہ ہے۔

(جاری ہے)

ایس ای سی پی اس بورڈ پر 2012 سے خدمات انجام دے رہا ہے۔ آئیسکو بورڈ چونتیس ملکوں پر مشتمل ہے۔ آسٹریلیا، چین، برطانیہ اور امریکہ جیسے جدید کپیٹل مارکیٹوں کے حامل ترقی یافتہ ملک اس بورڈ کے مستقل اراکین ہیں جبکہ دیگر ترقی پذیر ملک اس کے بورڈ پر الیکشن کے ذریعے منتخب ہو تے ہیں۔ پاکستان ترقی پزید ممالک کی مارکیٹوں کے مسائل اور ان کے حل کے لئے ترجیحات کے حوالے سے آئیسکو بورڈ میں آواز اٹھاتا رہے گا۔

نئے بورڈ کا پہلا اجلاس نو مئی کو ہنگری میں منعقد ہو گا۔ ایس ای سی پی آئیسکو کا ایک مستعد رکن رہاہے اور آئیسکو کے معیارات کے نفاذ کے لئے آئیسکو کی ذیلی کمیٹیوں اور ٹاسک فورسز میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔ اس وقت پاکستان آئیسکو کی پالیسی کمیٹی برائے مارکیٹ انٹر میڈٹری ریگولیشنز، ریگولیٹری معیارات پر عمل درآمد کی جائزہ کمیٹی اور آئیسکو کے ممبر ممالک کے مابین تعاون کی مفاہمی یاداشت پر بھی دستخط کر کے اس پر عمل درآمد کا بھی پابند ہے۔

علاوہ ازیں پاکستا ن دنیا کا پہلا ملک تھا جہاں 2015 میں سکیورٹیز ماکیٹ میں آئیسکو کے معیارات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا اور رواں سال آئیسکو کی جانب سے دوبارہ جائزہ لیا گیا ہے جس کے مطابق پاکستان کی سکیورٹیز مارکیٹ میں آئیسکو کے معیارات پر عمل درآمد کی شرح مزید بہتری کے ساتھ 83 فیصد ہو گئی ہے جوپہلے باسٹھ فیصد تھی۔ ایس ای سی پی کے چیئر مین ظفر عبدللہ نے کہا ہے کہ ترقی پزیر ممالک میں سکیورٹیز مارکیٹ کو بہتر، محفوظ اور جدید بنانے میں آئیسکو کا اہم کردار ہے اور آئیسکو بورڈ پر منتخب ہونے کے بعد ایس ای سی پی اہم پلیٹ فار م پر اپنا کردار جاری رکھے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی کپیٹل مارکیٹ میں تیزی کے ساتھ ترقی کر رہی ہے اور ایشیا پیسیفک ریجن کی اہم ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے اور اپنی اس خصوصی حیثیت کی بنا پر پاکستان آئیسکو کے بورڈ پر اہم خدمات سر انجام دینے کی پوری اہلیت رکھتا ہے۔