فیس بک اسکینڈل کی محور برطانوی کمپنی اینالیٹیکا دیوالیہ ہو گئی

دیوالیہ پن کی بڑی وجہ گاہکوں کا مسلسل کم ہونا اور وکلاء کے معاوضے میں گراں قدر اضافہ قرار

جمعرات 3 مئی 2018 17:44

فیس بک اسکینڈل کی محور برطانوی کمپنی اینالیٹیکا دیوالیہ ہو گئی
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مئی2018ء) فیس بک اسکینڈل کی محور برطانوی کمپنی اینالیٹیکا دیوالیہ ہو گئی،دیوالیہ پن کی بڑی وجہ گاہکوں کا مسلسل کم ہونا اور وکلاء کے معاوضے میں گراں قدر اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق الیکٹرانک ڈیٹا کا تجزیہ کرنے والی برطانوی کمپنی کیمبرج اینیلیٹیکا نے اپنا معمول کا کام روکتے ہوئے دیوالیہ پن کی درخواست دے دی ہے۔

(جاری ہے)

اسی کمپنی نے کروڑوں فیس بک صارفین کے نجی ڈیٹا سے متعلق اسکینڈل میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ کمپنی نے اپنے دیوالیہ پن کی وجہ یہ بتائی ہے کہ اس کے گاہک مسلسل کم ہوتے جا رہے ہیں اور قانونی تنازعات میں اس کی نمائندگی کرنے والے وکلاء کے معاوضے بہت زیادہ۔ فیس بک کی انتظامیہ نے حال ہی میں اعتراف کیا تھا کہ اس کمپنی نے غیر قانونی طور پر قریب ستاسی ملین صارفین کے نجی کوائف تک رسائی حاصل کر کے انہیں امریکی صدارتی انتخابی مہم میں موجودہ صدر ٹرمپ کے حق میں استعمال کیا تھا۔