نواز شریف کا مقابلہ شہباز شریف سے ہے ،میاں صاحب کی تڑی ڈیل کیلئے اور ترلا معافی کیلئے ہے‘مولا بخش چانڈیو

خلا میں رہنے والی مخلوق تو شہباز شریف ہے جس کے سارے منصوبے ’’خلائی ‘‘ ہیں‘ سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی کا ردعمل

جمعرات مئی 17:46

نواز شریف کا مقابلہ شہباز شریف سے ہے ،میاں صاحب کی تڑی ڈیل کیلئے اور ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی2018ء) پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ نواز شریف کا مقابلہ شہباز شریف سے ہے ،خلا میں رہنے والی مخلوق تو شہباز شریف ہے جس کے سارے منصوبے ’’خلائی ‘‘ ہیں۔ انہوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف تڑی اور ترلے کی سیاست کر رہے ہیں، میاں صاحب ایک دن دھمکی دیتے ہیں اور دوسرے دن منت سماجت کرتے ہیں، میاں صاحب کی تڑی ڈیل کیلئے اور ترلا معافی کیلئے ہے، نواز شریف کی دھمکیاں سن کر ان کی ڈکٹیشن نہیں لونگا والی تقریر یاد آجاتی ہے، نواز شریف نے ادھر تڑی لگائی اور ادھر ڈکٹیشن پر استعفیٰ دے کر چلے گئے، میاں صاحب ہمیں پتا ہے آپ کا اصل مقابلہ کس سے ہے۔

انہوں نے کہا ک میاں صاحب آصف زرداری سے مقابلہ کرنے کیلئے آپ کو ابھی اور بڑا ہونا پڑے گا، یہ وہی آصف زرداری ہیں جن کے خلاف آپ نے اپنی ہر سازش کو غلطی مانا ہے، میاں صاحب غلطی کے نیا احساس کا اظہار بھی آپ کی نئی چال تھی، ہم اس بار آپ کی اس چال میں نہ آئے تو کردار کشی پر اتر آئے، میاں صاحب آپ نے ابھی کئی اور رنگ بدلنے ہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ نواز شریف کا مقابلہ شہباز شریف سے ہے ، نواز شریف کو پانامہ کے بعد شہباز شریف پڑ گئے ہیں، خلا میں رہنے والی مخلوق تو شہباز شریف ہے جس کے سارے منصوبے " خلائی " ہیں ۔