رانا ثناء اللہ کے شہر میں لاقانونیت عروج پر پہنچ گئی

مسلم لیگ(ن) کے وائس چیئرمین ملک عرفان کا خاتون پر تشدد ، محلے داروں نے مداخلت کر کے خاتون کی جان بچائی

جمعرات 3 مئی 2018 18:01

رانا ثناء اللہ کے شہر میں لاقانونیت عروج پر پہنچ گئی
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے شہر میں لاقانونیت اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے اور 53CC فیصل آباد سے مسلم لیگ(ن) کے وائس چیئرمین ملک عرفان نے خاتون پر تشدد کیا ہے ۔ وائس چیئرمین خا تو ن کو سر عام ٹھڈے مارتا اور گھسیٹتا رہا جبکہ پولیس خاموش تماشائی بنی رہی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز فیصل آباد کے علاقے ریلوے کالونی میں سی سی 53 سے مسلم لیگ(ن) کے وائس چیئرمین ملک عرفان نے گھر پر قبضے کے دوران مزاحمت کرنے پر خاتون پر سرعام تشدد کیا ہے مسلم لیگی وائس چیئرمین خاتون کو بیچ گلی میں ٹھڈے مارتا اور گھسیٹتا رہا جبکہ موقع پر موجود پولیس اہلکار خاموش تماشائی بنے رہے اور ملک عرفان کے سیاسی اثرو رسوخ کی وجہ سے اسے روکنے میں بالکل بے بس نظر آئے جس پر محلے داروں نے مداخلت کر کے خاتون کی جان بچائی اور مسلم لیگ (ن) کے وائس چیئرمین کے خلاف احتجاج بھی کیا جبکہ مقامی پولیس کے مطابق ملک عرفان پیشہ ور قبضہ مافیا کا سرغنہ ہے اور اس کے خلاف تھانہ پیپلزکالونی میں متعدد مقدمات درج ہیں جن میں 29 مرد اور 5 خواتین گرفتار بھی ہوئیں لیکن مسلم لیگی وائس چیئرمین ملک عرفان اپنی عبوری ضمانت کروا چکا ہے جبکہ متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ اس کا بیٹا محنت مزدوری کر کے گھر کا نظام چلاتا ہے لیکن مسلم لیگی وائس چیئرمین گھر پر قبضے کے لئے اس سے قبل بھی متعدد بار انہیں دھمکیاں دے چکا ہے ۔

۔