آئی جی سندھ کی حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کی تین روزہ تقریبات کے موقع پر سکیورٹی انتظامات فول پروف بنانے کی ہدایت

جمعرات 3 مئی 2018 20:02

آئی جی سندھ کی حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کی تین روزہ تقریبات کے موقع ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس کو جاری احکامات میں کہا ہے کہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس کی تین روزہ تقریبات کے موقع پر صوبے بھر میں سیکیورٹی کے جملہ اقدامات پر عمل درآمد کو انتہائی مستعد اور الرٹ رہتے ہوئے یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ لعل شہباز قلندرؒکے مزار اوراسکے اطراف کے علاقوں میں کڑی نگرانی،بم ڈسپوزل اسکواڈ سے سوئپنگ اور کلیئرنس سمیت انٹیلی جینس کلیکشن اور شیئرنگ اور بروقت فالو کرنے کے عمل کو ہرسطح پر انتہائی مربوط اور مؤثر بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ مرتب کردہ غیرمعمولی سیکیورٹی پلان کی جملہ ترجیحات اور اسکے تحت مزار کے داخلی روٹ پرعرس کے شرکاء کی فزیکل سرچنگ کے عمل کو منتظمین کی جانب سے مقررکردہ رضاکاروں کے تعاون سے ممکن بنایا جائے جبکہ اس عمل کے دوران خواتین پولیس اہلکاروں کی خدمات کو بھی یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ کے تمام شہروں اور دیگر صوبوں سے عرس کی تقریبات میں زائرین وعقیدت مندوں کی ایک کثیرتعدادمیں شرکت کو پیش نظر رکھتے ہوئے مزار کے اندرونی اور اطراف کے حصوں میں منتظمین کی مشاورت سے مجموعی سیکیورٹی امور کو غیرمعمولی بنایا جائے ، علاوہ ازیں مزار کے اطراف اور مزار کی مرکزی شاہراہ پر کسی بھی قسم کی پارکنگ کو ممنوع رکھا جائے جبکہ زائرین اور قافلوں کی گاڑیوں کے لئے مزار سے مناسب فاصلوں پر نا صرف پارکنگ لاٹس مختص کی جائے بلکہ پارکنگ لاٹس پر کڑی نگرانی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ سے تمام گاڑیوں کی سرچنگ کو بھی ممکن بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ تمام ہائی ویز، بارڈر ایریاز جبکہ دیگرصوبوں سے سندھ میں داخل ہونیوالے میدانی راستوں کے ساتھ ساتھ داخلی وخارجی راستوں پر ناکہ بندی، نگرانی، سرچنگ اور پیٹرولنگ جیسے اقدامات کو بھی متعلقہ تھانوں کے لحاظ سے مربوط اور مؤثر بنایا جائے ۔ آئی جی سندھ نے جاری ہدایات میں کہا کہ متعلقہ تمام ایس ایس پیز عرس کی تقریبات کے آغاز سے لیکر اختتام تک تمام ایس ایچ اوز کو علاقوں میں موجود رہنے اور لمحہ بہ لمحہ انٹری نوٹ کرانے کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے جملہ اقدامات کی نگرانی کا بھی پابند بنائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ عرس کی تقریبات کی سیکیورٹی پر مامور افسران اور جوانوں کو تمام تر ضروری سہولیات کی فراہمی کو باالخصوص یقینی بنایا جائے

متعلقہ عنوان :