پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا

جمعرات 3 مئی 2018 20:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا،درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ آئین کے آرٹیکل 9۔14 اور 18کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

یہ درخواست جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے،درخواست میں کہا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر ماہ غیر قانونی اضافہ کیا جا رہا ہے، وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی بجائے غیر قانونی طور پراضافہ کر کے شہریوں پر پٹرول بم گرایا ہے،درخواست میں کہا گیا کہ حکومت پہلے ہی پٹرولیم مصنوعات پر غیر قانونی طور پر اضافی سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور سیلز ٹیکس بڑھانے سے قبل وفاقی کابینہ سے منظوری بھی حاصل نہیں کی گئی،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے حالیہ اضافہ کو کالعدم قرار دے۔