ملک شکیل سکندر کو عامر سلطان چیمہ کی جگہ پاکستان مسلم لیگ سرگودھا کا صدر مقرر کر دیا گیا

کسانوں کو اصل سہولتیں ہمارے دور میں ملیں، پنجاب کے حکمران اور دیگر صوبوں والے کسانوں کے نام پر ٹوپی ڈرامے کر رہے ہیں: پارٹی رہنمائوں سے ملاقات

جمعرات 3 مئی 2018 18:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ کسانوں کی اصل خدمت ہمارے دور میں ہوئی اور انہیں حقیقی طور پر سہولتیں فراہم کی گئیں، پنجاب کے حکمران اور دیگر صوبوں والے کسانوں کے نام پر صرف ٹوپی ڈرامے کر رہے ہیں۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر چیف آرگنائزر پنجاب محمد بشارت راجہ کے ہمراہ ملک شکیل سکندر کی قیادت میں سرگودھا سے تعلق رکھنے والے سینئر مسلم لیگی رہنمائوں اور پارٹی عہدیداروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

اس موقع پر انہوں نے سابق صوبائی وزیر عامر سلطان چیمہ کی جگہ ملک شکیل سکندر کو پارٹی کا ضلعی صدر مقرر کر دیا۔ وفد میں سینئر نائب صدر ملک ذوالفقار، چودھری وقاص باجوہ، چودھری یاسر وڑائچ، رضائے مصطفی چودھری، نوید بسرا، عابد رانجھا، فاروق سلطان چدھڑ، چودھری عمران گوندل، اشرف سندھو اور شکیل احمد شامل تھے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے معزز شخصیات کی پارٹی سے وفاداری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا میں پارٹی کی نئی تنظیم سازی کی جائے گی۔

انہوں نے ملک شکیل سکندر کو پارٹی کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگی، سرگودھا سمیت پورے پنجاب میں ہمارے ترقیاتی کام ہماری کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ملک شکیل سکندر نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا ڈویژن میں مسلم لیگ کی پوری تنظیم آج بھی موجود ہے جو پارٹی کے ساتھ کھڑی ہے۔

چودھری پرویزالٰہی کو جلد سرگودھا کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے زیراہتمام سرگودھا ڈویژن میں عوامی جلسہ کریں گے جو سرگودھا کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے کسانوں کے علاوہ محنت کشوں اور عام و غریب آدمی کی بہتری کیلئے جو کام کیے وہ اپنی مثال آپ ہیں، ہمارے دور میں کسان خوشحال تھا، اس کی فصل مقررہ قیمتوں پر خریدی جاتی تھی، بجلی، بیجوں، کھادوں اور مشینری کی قیمتوں میں سبسڈی دی جاتی تھی، ٹیل تک پانی دستیاب تھا اور انہیں جرائم پیشہ افراد سے محفوظ رکھنے کیلئے دور دراز علاقوں میں بھی پوسٹیں قائم کی گئی تھیں۔