وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی افتخار علی ملک کو سارک چیمبر آف کامرس کا سینئر نائب صدر مقرر ہونے پر مبارکباد

جمعرات 3 مئی 2018 18:35

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی افتخار علی ملک کو سارک چیمبر آف کامرس ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے معروف تاجر رہنما افتخار علی ملک کو سارک چیمبر آف کامرس کا سینئر نائب صدر مقرر ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے مبارک باد کے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ افتخار علی ملک صف اول کے تاجر رہنما ہیں، ان کے اس عہدے پر تقرر سے ملک کے وقار میں اضافہ ہوا ہے اور وہ پر امید ہیں کہ افتخار علی ملک علاقائی تجارت کو فروغ دینے اور سارک ممالک کو مزید لانے کے لئے اپنی صلاحیتوں کا بھر پور استعمال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام رکن ممالک کے سیاستدانوں کو خطے میں لبرل تجارتی پالیسیوں کے نفاذ کرنے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا کیونکہ موجودہ عالمی اقتصادی حالات کے مطابق پالیسیوں میں تبدیلی اور علاقائی کنیکٹوٹی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے افتخار علی ملک کو سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا سینئر نائب صدر مقرر ہونے پر مبارکباد دی ہے اوراس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا خاص طور پر پاکستان میں تجارت اور صنعت کے فروغ کے لئے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

جمعرات کو اپنے مبارکباد کے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ تقرری خطے کی کاروباری برادری کے لئے آپ کی انتھک کوششوں کا ثبوت ہے۔ گورنر نے مزید کہا کہ سارک خطہ میں تجارت کے فروغ کے لئے نائب صدر سارک چیمبر کے طور پر ان کے اقدامات ان کے بزنس فریڈلی ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سارک ممالک کو قریب لانے اور ممبر ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ میں افتخار علی ملک کی خدمات لا زوال ہیں۔

افتخار علی ملک کے ساتھ ٹیلی فون پرگفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت و ٹیکسٹائل محمد پرویز ملک نے انہیں اس کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ افتخارعلی ملک ایک کامیاب بزنس مین ہیں اور انہوں نے لاہور چیمبر اور ایف پی سی سی آئی کے صدر اور پاک امریکہ بزنس کونسل کے بانی چیئرمین کی حیثیت سے کاروباری برادری کیلئے شاندار خدمات انجام دی ہیں۔

وفاقی وزیر پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت سارک ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں بہتری اور جنوبی ایشیا کو اقتصادی طور پر سب سے مربوط خطہ بنانے کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا دنیا میں سب سے زیادہ متحرک لیکن سب سے کم مربوط خطہ ہے اس لئے اس کی اندرونی علاقائی تجارت کل تجارت کا صرف 5 فیصد ہے، اس کے مقابلے میں جنوب مشرقی ایشیائی ایسوسی ایشن (آسیان) میں یہ شرح 25 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سارک خطہ میں امن کی بحالی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے مگر وہ دیگر ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات باہمی احترام کی بنیاد پر استوار کرنا چاہتا ہے۔ یونائٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے بھی افتخار علی ملک کو مبارکباد دی اور کہا ہے کہ افتخار علی ملک ایماندار اور حقیقی محب وطن لیڈر ہیں ہے جو کاروباری برادری کے مفادات کے تحفظ کیلئے حفاظت کے علاوہاور دنیا کے سامنے ملک کا بہتر امیج پیش کرنے کے لئے انتھک کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ بہت پر امید ہیں کہ ان کی متحرک قیادت میں سارک ممالک میں تجارت بہتر ہو گی اور اس کے راستے میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سارک کے رکن ممالک اب بھی علاقائی اقتصادی انضمام کے اپنے مقصد سے بہت دور ہیں اور اس کے بغیر جنوبی ایشیائی اقتصادی یونین کا قیام محض خواب ہی رہے گا۔