فیصل رضا عابدی کی بینچ تبدیل کرنے کی درخواست منظور

سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس مقدمہ کراچی رجسٹری میں منتقل کرنے کی استدعا مسترد کردی فیصل رضا عابدی کو اپنے کئے پر کوئی پشیمانی یا شرمندگی نہیں ہے، چیف جسٹس کی سرزنش

جمعرات 3 مئی 2018 18:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) سپریم کورٹ میں توہین عدالت کیس میں فیصل رضا عابدی کی بینچ تبدیل کرنے کی درخواست منظور کر تے ہوئے مقدمہ کراچی رجسٹری میں منتقل کرنے کی استدعا مسترد کر دی ،جبکہ دوران سماعت چیف جسٹس نے فیصل رضا عابدی کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ فیصل رضا عابدی کو اپنے کئے پر کوئی پشیمانی یا شرمندگی نہیں ہے ۔

جمعرات کے روز سپریم کورٹ میں فیصل رضا عابدی کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی، سماعت کے آغاز میں فیصل رضا عابدی عدالت میں وکیل کے ہمراہ پیش ہوئے، فیصل رضا عابدی روسٹرم پر غیر مہذب انداز میں کھڑے ہوے تو عدالت نے انکے کھڑے ہونے کے انداز پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہاعدالت کے وقار کا علم ہونا چاہیے، فیصل رضا عابدی سیدھ ہوکر کھڑے ہو جائیں، فیصل رضا عابدی کے وکیل نے کہا کہ ہمیں آئین پر مکمل ایمان اور یقین ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ فیصل رضا عابدی کا عدالت میں کھڑے ہونے کا انداز دیکھ لیں، انہیں اپنے کیے پر کوئی پشیمانی یا شرمندگی نہیں، فیصل رضا عابدی نے پروگرام میں کیا کہا وہ دیکھ لیتے ہیں، چیف جسٹس کے حکم پر عدالت میں فیصل رضا عابدی کی توہین آمیز ویڈیو چلائی گئی تو چیف جسٹس نے کہا کہ فیصل رضا عابدی کہتے ہیں چیف جسٹس ملک کو تباہ کر رہا ہے، فیصل رضا عابدی توہین عدالت نوٹس میں جواب داخل کریں، فیصل رضا عابدی کے وکیل ڈاکٹر امجد بخار ی نے کہا کہ ہم نے متفرق درخواستیں دائر کی ہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ فیصل رضا عابدی کی متفرق درخواستیں خارج کرتے ہیں، فیصل رضا عابدی کے وکیل کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ کیا فیصل رضا عابدی کو موقف دینے کا کوئی خق نہیں ہے، فیصل رضا عابدی کے وکیل کی جانب سے دوسرے بینچ میں کیس سننے کی اور مقدمہ کراچی میں سنے جانے کیلئے درخواست دائر کی گئی، درخواست میں فیصل رضا عابدی نے مؤقف اختیار کیا کہ میری جان کو خطرات لاحق ہیں اس لیے کراچی میں کیس سنا جائے، خود کو کراچی میں محفوظ سمجھتا ہوں، اسلام آباد آنے جانے کے اخراجات بھی برداشت نہیں کر سکتا، میرے کیس کو سننے کے لیے ایسے ججز پر مشتمل بینچ بنایا جائے جنہوں نے پی سی او پر حلف نہ لیا ہو۔

سپریم کورٹ نے فیصل رضا عابدی توہین عدالت کیس کراچی منتقل کرنے کی درخواست خارج کردی جبکہ عدالت نے فیصل رضا عابدی توہین عدالت کیس دوسرے بینچ میں لگانے کا حکم دے دیا۔