حکومت کے جامع ،مؤثر اقدامات سے زرعی شعبے کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی ،ملکی معیشت مضبوط ہوگی ‘ملک رفیق رجوانہ

ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اُٹھاکر ایگریکلچر سیکٹر میں انقلاب لایا جاسکتا ہے‘گورنر پنجاب کا فوڈ اینڈ ایگری ایکسپو نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 3 مئی 2018 18:48

حکومت کے جامع ،مؤثر اقدامات سے زرعی شعبے کے اہداف کے حصول میں مدد ملے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ حکومت کے جامع اور مؤثر اقدامات سے زرعی شعبے کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی جس سے نہ صرف ملکی معیشت مضبوط ہوگی بلکہ ملک بھی خوشحال ہوگا، انہوں نے زرعی شعبے اور پیداوار میں اضافے کے لئے ڈنمارک کے سفیر کی طرف سے مل کر کام کرنے کے اقدامات کو سراہا،ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اُٹھاکر ایگریکلچر سیکٹر میں انقلاب لایا جاسکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپوسینٹر جوہر ٹائون، لاہور میں فوڈ اینڈ ایگری ایکسپو 2018 کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈنمارک کے سفیر ،مشن ڈائریکٹر یوایس ایڈ پاکستان جیری بیسن پراونشل ڈائریکٹر پنجاب مسٹر لی سوانسس ڈائریکٹر آپریشن کاشف سعید کے علاوہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ ڈنمارک کا ایگریکلچر اور فوڈ سیکٹر میں نمایاں مقام ہے اور ڈنمارک کی معاونت سے پاکستان کو زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 75فی صد آبادی بالواسطہ یا بلاواسطہ زراعت اور ایگری بیڈ انڈسٹری سے وابستہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں فوڈ اور ایگریکلچر سیکٹر کا بہت زیادہ حصہ ہے۔گورنر نے کہا کہ پاکستان میں بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس شعبے کی ترقی کے لئے مختلف شہروں میں تحقیقی ادارے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار کو بروقت منڈیوں تک پہنچانے کے لئے حکومت نے کارپیٹڈ سڑکیں تعمیر کی ہیں اِس کے علاوہ کاشکاروں کی بہتری کے لئے اربوں روپے کا کسان پیکج دیا گیا ہے۔

گورنر پنجاب نے ایگری نمائش کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اِس اہم ایونٹ سے جدید اور ہائی ٹیک زرعی مشینری درآمد اور برآمد کرنے والے اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کا موقع ملا ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈنمارک کے سفیر نے کہا کہ ڈنمارک پاکستان کو فوڈ اینڈ ایگری سیکٹر میں معاونت فراہم کرے گا اور اِس مقصد کے لئے زرعی ماہرین پر مشتمل وفود پاکستان کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے باہمی اشتراک سے زرعی شعبے اور ٖفوڈ پراسینگ میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ بعد ازاں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے فوڈ اینڈ ایگری ایکسپو 2018 کی نمائش کاباقاعدہ افتتاح کیا اور وہاں پر لگائے گئے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ملکی و غیر ملکی زرعی آلات میں گہری دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔