واٹرکمیشن کا حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو نجی زیر تعمیر منصوبوں کا ملبہ صاف کرنے کا حکم

حکم نامے میںہدایت کی گئی ہے کہ صفائی کے کام کے تمام اخراجات بھی نجی اداروں سے وصول کیے جائیں

جمعرات 3 مئی 2018 17:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) سپریم کورٹ کے احکامات پر قائم سندھ واٹرکمیشن نے حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو 15روز میں نجی زیر تعمیر منصوبوں کا ملبہ صاف کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے ۔حکم نامے میںہدایت کی گئی ہے کہ صفائی کے کام کے تمام اخراجات بھی نجی اداروں سے وصول کیے جائیں ۔تفصیلات کے مطابق سندھ واٹرکمیشن نے حیدرآباد میں زیر تعمیر منصوبوں کے حوالے سے تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے ۔

حکم نامے میں حیدرآباد میونسپل کارہوریشن کو 15 روز میں نجی زیر تعمیر منصوبوں کا ملبہ صاف کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صفائی کے تمام اخراجات بھی ان ہی اداروں سے وصول کیے جائیں ۔واٹرکمیشن نے حکم دیا کہ کام کی نگرانی متعلقہ حکام خود کریں ۔

(جاری ہے)

کمشنر حیدرآباد تمام سڑکوں کے اطراف سے تجاوزات کا فوری خاتمہ کروائیں اور اس بات کا خیال رکھا جائے کہ ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق برقرار رہے ۔

ادھر ڈی جی حیدرآباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے عملدرآمد رپورٹ واٹرکمیشن میں جمع کرادی ہے ۔رپورٹ کے مطابق 2015سے اب تک حیدرآباد میں 19ہاؤسنگ اسکیمو ں کی منظوری دی گئی جن میں سے 7کا اجازت نامہ منسوخ کردیا گیا ہے ۔دوران سماعت صنعتکاروں کی تنظیم کے وکیل عبدالستار پیرزاد پیش ہوئے جنہوںنے ٹریٹمنٹ آلات کی دستیابی کے لیے مہلت طلب کرلی ہے۔