بھارتی حکمرانوں کو جزیرہ نما کوریا کے رہنمائوں سے سبق سیکھ کر مقبولیت کا راستہ اختیار کرنا چاہئے‘سردار عتیق احمد خان

جنوبی ایشیاء کا مستقبل کشمیر سے وابستہ ہے،جب تک کشمیر کا زخم رہتا رہے گا جنوبی ایشیاء امن واستحکام سے ہمکنار نہیں ہو سکتا

جمعرات 3 مئی 2018 20:33

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل وقت کا تقاضا ہے،بھارتی حکمرانوں کو جزیرہ نما کوریا کے رہنمائوں سے سبق سیکھ کر مقبولیت کا راستہ اختیار کرنا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفرآباد کے دو روزہ دورے کے دوران ایم ایل اے ہاسٹل میں مسلم کانفرنس ضلع مظفرآباد کے صدر پیر سید غلام مرتضیٰ گیلانی،مرکزی یوتھ بورڈ کے چیئرمین راجہ ثاقب مجید،رابطہ بورڈ کے چیئرمین میر عتیق الرحمن،مسلم کانفرنس مظفرآباد ڈویژن کے سینئر نائب صدر خواجہ محمد شفیق،ہٹیاں بالا کے صدر انصر پیرزادہ،سٹی صدر شیخ مقصود احمد،طلبہ بورڈ کے چیئرمین سجاد انور عباسی،جنرل سیکرٹری ضلع مظفرآباد راجہ بشیر خان،ممبرمجلس عاملہ شیخ خورشید انور ودیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء کا مستقبل کشمیر سے وابستہ ہے،جب تک کشمیر کا زخم رہتا رہے گا جنوبی ایشیاء امن واستحکام سے ہمکنار نہیں ہو سکتا،انہوں نے کہا کہ بھارت میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی آصفہ جیسی معصوم بچوںکے ساتھ بیہانہ سلوک دنیا کے لئے لمحہ فکریہ ہے،عالم انسانیت کو تجارتی ضرورتوں اور مصلحتوں کو نظر انداز کر کے بھارت کی مذمت کرنی چاہئے۔

سردار عیتق احمد خان نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کو آنے والے بجٹ کو عوام کی امنگوں کا آئینہ دار بنانا ہو گا،بجٹ کی رقم کو زمین پر لگانے کی منصوبہ بندی کرنی چاہئے۔کنڑول لائن کے متاثرین کی بحالی اور امداد کو بجٹ میں پہلی ترجیح بنانا چاہئیے۔انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن کے عوام سیکنڈ ڈیفنس لائن میں ان لوگوں کا مطمئن اور آسودہ ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے حکمرانوں کو پوری توجہ عوامی مسائل کے حل پر صرف کرنی چاہئے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں الیکشن ایک ساتھ ہونے چاہئیں،آزاد کشمیر میں غیر ریاستی دخل اندازی نے بے پناہ خرابیاں پیدا کیں ہیں،مسلم کانفرنس کے کارکنوں کو عوام کے ساتھ رابطہ رکھنا چاہئے،مسلم کانفرنس کومائنس کرنے والے خود مائنس ہوتے جا رہے ہیں،مسلم کانفرنس آزمائش سے گزر چکی ہے،مسلم کانفرنس کے کارکنوں کی استقامت بھد تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزمائش کے وقت ثابت قدم رہنے والے کارکن مبارکباد کے مستحق ہیں۔اس سے قبل صدر مسلم کانفرنس نے کھن بنوے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ جانداد عباسی کے بھائی کے نماز جنازہ میں شرکت کی،اس کے بعد ریٹائرڈ ڈی آئی جی پولیس طاہر قیوم قریشی کے گھرجا کر اُن کے بھائی تحسین شیخ کے انتقال پر اظہار تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی،بعدازاں ملک محمود کے گھر جا کر اُن کی وفات پر اُن کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی اورفاتحہ خوانی کی۔

اس کے بعد صدر مسلم کانفرنس نے مسلم کانفرنسی رہنماء مبشر جانداد کے گھرجا کر اُن کے سسر کے انتقال پر اظہار تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی،مجہوئی میں راجہ نسیم کے گھر جا کر اُن کے بھائی شیراز قمر اسسٹ چیف پلاننگ کے انتقال پر اظہار تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر صدر مسلم کانفرنس کے ہمراہ کارکنوں کی بڑی تعداد تھی۔صدر مسلم کانفرنس مظفرآباد کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد روانہ ہو گئے۔