چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کا گرین ٹائون میں کریک ڈائون ،گراں فروشی پر10کیخلاف ایف آئی آر کا اندراج

4کو موقع پر ہی سزا سنا کر تین روز کیلئے جیل بھیج دیا گیا، کم تولنے ،ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنیوالوں کی سر زنش ،15کو وارننگ نوٹس جاری اچانک دوروں سے عوام کو ریلیف ملا ہے ،گراں فروشوں کیخلاف مہم کی کامیابی کیلئے عوام کا تعاون درکار ہے ‘ میاں عثمان کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 3 مئی 2018 20:23

چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کا گرین ٹائون میں کریک ڈائون ،گراں فروشی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے گرین ٹائون کا اچانک دورہ کر کے وارننگ کے باوجود سرکاری ریٹ لسٹ سے زائد قیمتوں پر فروخت کرنے والے 10دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج ، تین کو موقع پر ہی سزا سنا کر تین روز کیلئے جیل بھجوا دیا ،کم تولنے اور ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاںنہ کرنے والے 15دکانداروں کی سرزنش کرتے ہوئے انہیں وارننگ نوٹس جاری کئے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی سی میاںعثمان نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اورانتظامیہ کے دیگر افسران کے ہمراہ گرین ٹائون کی اوپن مارکیٹوں میں ڈیپارٹمنٹل، جنرل سٹورز، سبزیوں، پھلوں ، گوشت کی دکانوں اور تنوروں کا تفصیلی دورہ کر کے سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت اور معیار کا جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

انتظامیہ کے لوگوںنے گزشتہ دورے پر وارننگ نوٹسز کی فہرست میں شامل دکانداروں کو دوبارہ چیک کیا اور گراں فروشی سے باز نہ آنے والے 4دکانداروں کو موقع پر ہی سزا سنا کر تین روز کیلئے جیل بھجوا دیاگیا ۔

دس گراں فروشوں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کرا کے انہیں بھی گرفتار کرا دیا گیا ۔ اس موقع پر 15دکانداروں کو کم تولنے اور ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاںنہ کرنے پر سخت تنبیہ کرتے ہوئے وارننگ نوٹسز بھی جاری کئے گئے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پرائس کنٹرو ل کمیٹی میاں عثمان نے کہا کہ اچانک دوروں کا مقصد اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت کو یقینی بنانا ہے اور ان اقدامات سے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملا ہے ۔انہوںنے کہا کہ گراں فروشوں کے خلاف بھرپور اور موثر مہم جاری ہے اور اس کی کامیابی کے لئے ہمیں عوام کا تعاون بھی درکار ہے ۔

متعلقہ عنوان :