نئے صوبوں اور فاٹا پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے فاٹا اصلاحات کا ایک تحفہ فاٹا کے عوام کو دیا ہے،راجہ جاوید اخلاص

جمعرات مئی 19:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی2018ء) پارلیمانی سیکرٹری کابینہ ڈویژن راجہ جاوید اخلاص نے کہا ہے کہ نئے صوبوں اور فاٹا پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے فاٹا اصلاحات کا ایک تحفہ فاٹا کے عوام کو دیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فاٹا میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، حکومت نے اصلاحات کے لئے تمام فریقین کو اعتماد میں لیا اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی بنائی ہوئی کمیٹی نے اپنی سفارشات مرتب کیں جس کی روشنی میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ان اصلاحات پر عملدرآمد کی منظوری ہے جو ایک خوش آئند اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا کو ترقی ملے گی، قومی و صوبائی اسمبلی میں نمائندگی ہو گی اور بلدیاتی انتخابات ہوں گے جس سے عوامی نمائندگی کے ذریعے علاقے کے عوام کو ملک دیگر علاقوں کے مساوی ترقی ملے گی۔