ٹنکی گرائونڈ کے ایک جلسہ سے ایم کیو ایم حواس باختہ ہوگئی ہے،پیپلزپارٹی

ایم کیو ایم نے اس شہر میں لسانی سیاست کرکے اس شہر کو تباہ کردیا ہے،جام شورو،ناصر شاہ اور سعید غنی کی مشترکہ پریس کانفرنس

جمعرات 3 مئی 2018 19:07

ٹنکی گرائونڈ کے ایک جلسہ سے ایم کیو ایم حواس باختہ ہوگئی ہے،پیپلزپارٹی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے وزراء جام خان شورو، ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ٹنکی گرائونڈ کے ایک جلسہ سے ایم کیو ایم حواس باختہ ہوگئی ہے۔ ایم کیو ایم نے اس شہر میں لسانی سیاست کرکے اس شہر کو تباہ کردیا ہے۔ پیپلز پارٹی شہر میں مزید جلسہ کرے گی اور 12مئی کے جلسہ میں سانحہ 12 مئی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

2 سال کے دوران موجودہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے 14 ارب روپے سے ترقیاتی کام صرف کراچی میں کرائیں ہیں جبکہ ماضی کے چیمئین مئیر نے 300 ارب روپے سے شہر میں کیا ترقیاتی کام کروائیں ان کا حساب دیں۔ شہر میں لوکل کونسل، ڈی ایم سیز اور لوکل گورنمنٹ میں تباہی کی مکمل ذمہ دار ایم کیو ایم ہے جنہوں نے ماضی میں ان اداروں میں ہزاروں سیاسی بھرتیاں کی اور ان اداروں کو تباہی کے دہانے پہنچا دیا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہاران وزراء نے جمعرات کے روز پیپلز میڈیا سیل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عاجز دھامرا اور حمیرہ علوانی بھی ان کے ہمراہ موجود تھی۔ جام خان شورو نے کہا کہ ایم کیو ایم گذشتہ 30 سال سے بالواسطہ یا براہ راست لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر اداروں پر براجمان رہی لیکن انہوں نے شہر میں پینے کے پانی، سیوریج اور صفائی ستھرائی کے لئے کوئی کام نہیں کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ٹنکی گرائونڈ میں ایک جلسہ کیا تو ایم کیو ایم حواس باختہ ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شہر کو تباہی کے داہنے پہنچانے میں ایم کیو ایم کا پورا کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہی کے ایک چئیمپین ناظم جس کو آج وہ خود برا کہتے ہیں نے اس شہر کی ترقی کے لئے 300 ارب روپے خرچ کرنے کے دعوے کئے لیکن اس شہر کے انفراسٹریکچر، سڑکیں ، پانی، سیوریج اور صفائی کے لئے کوئی کام نہیں کیا ہے۔

ان وزراء نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی موجودہ سندھ حکومت نے دو سال کے دوران اس شہر میں 14 ارب روپے کی لاگت سے کئی منصوبوں پر کام شروع کیا اور اس میں شہر میں سڑکوں کا جھال بچھایا گیا، اورہیڈ اور انڈر پاسز تعمیر کرائے گئے ہیں اور ان میں شارع فیصل، طارق روڈ، یونیورسٹی روڈ، ہمدرد یونیورسٹی روڈ، لانڈھی روڈ، حب ریور روڈ، سمیت دیگر شام ہیں۔

وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا کہ ہم نے کے ایم سی کو ہر سال 7 ارب روپے کے ترقیاتی کاموں کے لئے خصوصی گرانٹ علیحدہ سے فراہم کی لیکن افسوس کہ دو سال میں 14 ارب روپے کی گرانٹ حاصل کرنے کے بعد بھی مئیر کراچی وسائل نہ ہونے کا رونا رو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ مئیر کراچی بتائیں کہ انہوں نے 14 ارب روپے سے کراچی میں کون سے ترقیاتی کام کرائیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کراچی کے پانی کے مسئلہ کے حل کے لئے K-4 منصوبہ شروع کیا ہے اور اس کے پہلے فیز کا 50 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ K-4 کے تینوں فیز سے 800 ایم جی ڈی پانی فراہم ہوگا اور کراچی میں اس کے پہلے فیز سے 260 ملین گیلن یومیہ پانی کی دستیابی سے پانی کا مسئلہ کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایس تھری منصوبے کو بھی موجودہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے شروع کروایا ہے جبکہ شہر کے 4 اضلاع میں سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے تحت صفائی ستھرائی کے کام کا آغاز کیا گیا ہے اور جہاں لینڈ فل سائیڈ پر پہلے 3 سے 4 ہزار میٹرک ٹن کچرا جاتا تھا اب اس کی جگہ 10 سے 12 ہزار میٹرک ٹن کچرہ پہنچایا جارہا ہے۔

جام خان شورو نے کہا کہ آج بھی ایم کیو ایم کی سیاست کی وجہ سے کورنگی اور سینٹرل اضلاع میں سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے تحت کام شروع نہیں کیا جاسکا ہے۔ اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک جلسہ کے بعد ہی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر دور میں کراچی کی ترقی کے لئے کا کیا ہے اور بھٹو شہید کا دور حکومت ہو یا شہید بے نظیر بھٹو کی حکومت ہو ہم نے کراچی کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے وجود کے بعد سے انہوںنے اردو بولنے والوں کے ذہن میں نفرت پیدا کرنا شروع کی اور آج ایک بار پھر متحدہ کا نعرہ لگانے والی ایم کیو ایم مہاجر قومی موومنٹ کا نعرہ لگا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نہیں چاہتی کہ اس شہر میں اردو، سندھی، بلوچی، پختون اور دوسری قومیں مل جل کر محبت سے رہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے 30 سال قبل نفرت کا جو بیج مہاجر کے نام سے بویا تھا آج ایک بار پھر وہ اس نعرے کو لگا کر اس شہر میں نفرت کی فضا بلند کرنا چاہتی ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ ہم ملکی سیاست کو اس شہر میں عام کرنا چاہتے ہیں اور ہمارے ٹنکی گرائونڈ کے جلسہ نے اس کو ثابت کیا ہے اور انشاء اللہ اب اس شہر کے عوام ان نفرت کرنے والوں کا کبھی ساتھ ن ہیں دیں گے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی کا جلسہ اس شہر میں محبت کی علامت بنا ہے اور آئندہ ہونے والے جلسوں کے بعد اس شہر میں نفرتوں کو پروان چڑھانے والوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔