سول اسپتال ،شعبہ آرتھو پیڈک میں سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات

مریضوں کو آپریشن کیلئے چار مہینے بعد کا وقت دیا جاتا ہے جس کے باعث و ہ نجی اسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں

جمعرات 3 مئی 2018 19:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) سول اسپتال کراچی کے شعبہ آرتھو پیڈک میں سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔مریضوں کو آپریشن کے لیے چار مہینے بعد کا وقت دیا جاتا ہے جس کے باعث و ہ نجی اسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں ۔تفصیلات کے مطابق سول اسپتال کراچی میں آرتھوپیڈک کے دو یونٹ قائم ہیں جن میں مریضوں کو بیڈ ملنے کا عمل بہت مشکل ہے۔

روڈایکسیڈنٹ یا کسی اور حادثے کا شکار ہونے والے افراد کو چار مہینے کے بعد کا آپریشن کے لیے وقت دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو بہت سی مشکلات سے گزرنا پڑتا ہے۔ذرائع کے مطابق شعبہ آرتھو پیڈک کے پروفیسر میٹنگز اور سیمینارز میں مصروف ہوتے ہیں اور یونٹ کی ساری ذمہ داری پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز پر ہے ۔

(جاری ہے)

مناسب طبی سہولتیں نہ ملنے کی وجہ سے اکثر مریضوں کا تاخیر کے باعث کیس خراب ہو جاتا ہے جس میں مریضوں کا ٹوٹی ہوئی ہڈیوں کے درمیان گوشت بڑھ جانا۔

انفیکشن ہوجانا اور یا پھر زخم کے بڑھ جانے سے ٹانگ یا ہاتھ کاٹ دینے تک بھی نوبت آ جاتی ہے۔اس حوالے سے مریضوں نے بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم مجبور ہوکر نجی اسپتالوں کا رخ کرتے ہیں۔ سول اسپتال کی انتظامیہ ہمیں سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت سندھ کو سول اسپتال کے انتظامات کا نوٹس لینا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :