پنجاب یو نیورسٹی اور لیسکو کے درمیان نئے گرڈ سٹیشن کی تعمیر کے معاملہ کی تحقیقات کرنیکا فیصلہ ،

چار رکنی انکوائری کمیٹی 8مئی تک رپورٹ مرتب کریگی

جمعرات 3 مئی 2018 20:36

لاہور۔3 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) پنجاب یو نیورسٹی لاہور اور لیسکو کے درمیان نئے گرڈ سٹیشن کی تعمیر کے معاملے کی تحقیقات کرنیکا فیصلہ کرلیاگیا،اعلیٰ حکام کی منظوری کے بعد ہائر ایجوکیشن پنجاب نے قائدا عظم نیو کیمپس میںنئے گریڈ اسٹیشن کی تعمیر میں قوائد وضوابط کی خلاف ورزی پر چار رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ، کمیٹی کے کنوینئر ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ احمد کمال مان ہوں گے جبکہ دیگر ممبران میں ڈپٹی سیکرٹری بجٹ خالدبشیر،رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹرخالد خان اور ایک ڈین جسے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی نامزد کریں گے شامل ہیں۔

کمیٹی جامعہ پنجاب اور لیسکو کے مابین مفاہمتی یادداشت (ایم اویو)کی مکمل چھان بین کرکے نئے گرڈ سٹیشن کی تعمیر میں قوائد ضوابط کی خلاف ورزی کا جائزہ لے گی جبکہ اس بات کو پیش نظر رکھا جائیگا اس ایم او یو کے نتیجے میں دونوں اداروں کے درمیان کسی پرائیوٹ شخص یا آفیسر نے یونیورسٹی کی سرکاری اراضی لیز پر دینے کے بدلے کوئی مالی فوائد تو حاصل نہیں کئے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کمیٹی جامعہ پنجاب اور لیسکو کے مابین ہونیوالے ایم او یو کے تمام پہلوئوں کی تفصیلی چھان بین کریگی اور اس سے متعلقہ تمام افراد سے پوچھ گچھ کریگی۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ا نکوائری کمیٹی 8مئی تک تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ مرتب کریگی جبکہ پنجاب یونیورسٹی اور لیسکو کے درمیان ایم او یو میں ہونیوالی بے قاعدگیوں میں ملوث افراد کی نشاندہی کے علاوہ اپنی سفارشات بھی پیش کرنے کی پابندہوگی۔یاد رہے پنجاب یو نیورسٹی لاہور اور لیسکو کے درمیان نئے گرڈ سٹیشن کی تعمیرکی منظوری یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ کے اجلاس میں دی گئی تھی۔