ْپلاسٹک شاپنگ بیگز انسانی صحت اور ماحول کیلئے شدید خطرات کا باعث بنتے ہیں،ڈپٹی کمشنرمردان

جمعرات 3 مئی 2018 20:37

مردان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر مردان محمد عثمان محسود نے کہا ہے کہ پلاسٹک شاپنگ بیگز انسانی صحت کے ساتھ ساتھ ماحول کے لیے بھی شدید خطرات کا باعث بنتے ہیں اس لیے عوام قابل تحلیل ماحول دوست شاپر بیگز کے استعمال کو رواج دیں اور تاجر برادری بھی پلاسٹک کی بجائے قابل تحلیل شاپرز کا کاروبار کرکے صاف ستھرے ماحول کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔

وہ شیخ ملتون کلب میں ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام قابل تحلیل شاپرز کے حوالے سے منعقدہ سیمینا ر سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر اے ڈی سی ڈاکٹر قاسم، ایڈیشنل اے سی بابر تنولی اورٹی ایم او آصف خان نے بھی خطاب کیا ۔اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سید فضل جلیل نے اس موقع پر بریفنگ میں بتایا کہ پلاسٹک میں ایسے کیمیکلز کا استعمال ہوتا ہے جو انسانی زندگی کے لیے انتہائی خطرناک ہے اور اس سے کینسر سمیت کئی بیماریاں ہو سکتی ہیں جبکہ یہ تلف بھی نہیں ہوتی اور ماحول کی تباہی کا باعث بھی ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اس مقابلے میں بائیو ڈیگریڈیبل یا قابل تحلیل شاپر بیگ جہاں جلد تلف ہوجاتی ہیں وہاں یہ زمین کی زرخیزی کا سبب بھی ہیں ۔ڈپٹی کمشنر عثمان محسود نے کہا کہ پہلے مرحلے آج تاجروں اور شہریوں میں قابل تحلیل شاپر تقسیم کیے جارہے ہیں جبکہ اگلے مرحلے میں پلاسٹک شاپنگ بیگزکی خرید وفروخت پر دفعہ 144 کے تحت پابندی لگا دی جائے گی ۔اُنہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ دوکانداروں سے پلاسٹک شاپر قبول نہ کریں اور قابل تحلیل شاپر طلب کرکے ما حول دوستی کا ثبوت دیں ۔

متعلقہ عنوان :