سی پیک کے حوالے سے چھوٹے صوبوں کے تحفظات دورکئے جائیں،سپیکراسدقیصر

جمعرات 3 مئی 2018 20:37

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سی پیک کے حوالے سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان جیسے چھوٹے صوبوں کے تحفظات دورکرنے کیلئے مرکزی حکومت حسب وعدہ اپنا کردار ادا کرے بلوچستان جیسے صوبے کو سینیٹ کا عہدہ ملنا چھوٹے صوبوں میں پائے جانے والے احساس محرومی کے خاتمے کا باعث بنے گا ۔

انہوںنے ان خیالات کا اظہار پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ملاقات کے دوران سینیٹر اعظم خان سواتی ،سینیٹر ایوب خان آفریدی ،سینیٹر شبلی فراز اورسینیٹر فدامحمد خان بھی سپیکر کے ہمراہ تھے ۔ملاقات کے دوران سپیکر کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے چیئر مین سینیٹ نے سی پیک کے حوالے سے خیبرپختونخوااور بلوچستان سمیت چھوٹے صوبوں کے تحفظات دورکرنے کیلئے سینیٹ میں جلد ہی قرارداد پیش کرنے پر رضامندی ظاہر کی ۔

(جاری ہے)

سپیکر اسد قیصر نے اس موقع پر برملاکہا کہ سی پیک کے تحت خیبرپختونخوا میں میگاپراجیکٹس کے اجراء کیلئے مرکزی حکومت نے ہمیں مکمل یقین دہانی دلاتے ہوئے وعدے کئے تھے لیکن مرکز اس ضمن میں اپنے وعدے نبھانے سے کترارہا ہے ۔جس کے باعث خیبرپختونخوا کے عوام میں سخت مایوسی وبے چینی پائی جاتی ہے ،جس کا ازالہ کرنا مرکزی حکومت کے فرائض میں شامل ہے ۔انہوںنے صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کا عہدہ سنبھالنے پر بھر پور اندازمیں دلی مبارک باد دی اور کہا کہ ملک کے ایک اعلیٰ عہدے پر ان کا انتخاب چھوٹے صوبوں کیلئے نیک شگون ثابت ہوگا۔انہوںنے امید کا اظہار کیا کہ اس انتخاب سے چھوٹے صوبے بھی اپنے آپ کو قومی دھارے میں شامل سمجھنے کے قابل ہوجائیں گے ۔