فاٹاکے حوالے سے وزیراعظم کے اعلانات خوش آئند ہیں،سینیٹرمشتاق احمدخان

جمعرات 3 مئی 2018 20:37

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی خیبر سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ فاٹا کے حوالے سے وزیراعظم کے اعلانات جماعت اسلامی کی انتھک، مسلسل اور نتیجہ خیز جدوجہد کی کامیابی کا ثبوت ہے۔ ایک ہزار ارب پیکج اور انضمام کا اعلان جماعت اسلامی کے بنیادی مطالبات تھے۔ فاٹا اصلاحات کے جلد از جلد نفاذ، اکتوبر سے پہلے بلدیاتی انتخابات اور بڑے مالیاتی پیکج کے اعلانات خوش آئند ہیں،تاہم مالیاتی پیکج کے لئے دس سال کا عرصہ کم کیا جائے۔

فاٹا کے حوالے سے حکومتی اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔فاٹا کے حقوق کے مکمل حصول اور حتمی کامیابی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ یہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا ثمر ہے کہ پہلے سینیٹ سے سپریم کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار کی فاٹا تک توسیع کا بل پاس ہوا اور اب حکومت نے فاٹا کو قومی دھارے میں لانے اور ایک ماہ کے اندر اصلاحات نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

فاٹا کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ان کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے جارہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صوبائی اسمبلی میں بھی فاٹا کو نمائندگی دینے کے لئے اقدامات اٹھائیں جائیں اور اسے جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ فاٹا کے عوام کو بھی مسائل کے حل کے لئے اپنے نمائندے صوبائی اسمبلیوں میں بھیجنے کا حق ملنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت پہلے ہی اصلاحات اور انضمام کا عمل مکمل کرلیتی تو اچھا ہوتا، مسلسل تاخیر سے حکومت اپنا کردار مشکوک کردیا تھا۔ انہوں نے جے آئی یوتھ کے ذمہ داران کو ہدایات دیں کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے حکومتی اعلان کی خوشی اور کامیابی پر ایجنسی اور تحصیل ہیڈکوآرٹرز پر پروگرامات اور ریلیاں منعقد کریں۔