خیبر پختونخوا پولیس کی بے مثال قربانیوں کی بدولت سرمایہ کار واپس آرہے ہیں،آئی جی صلاح الدین خان

جمعرات مئی 20:37

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی2018ء) انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن پشاور کے ایک وفد نے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسود سے اُن کے دفتر واقع سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ملاقات کی۔وفد کے شرکاء میں ظاہر خٹک ، ملک عمران اور دیگر ارکان شامل تھے۔ وفد کے ارکان نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس کی فرنٹ لائن فورس کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں پولیس کی جانب سے دی جانے والی لازوال قربانیاں کسی سے کم نہیں اور انہی قربانیوں کی بدولت صوبے میں امن بحال ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چند سال قبل دہشتگردی کی وجہ سے سرمایہ دار اور کارخانہ دار اپنا سرمایہ دیگر صوبوں کو منتقل کررہے تھے اور اب اللہ کے فضل و کرم اور خیبر پختونخوا پولیس کی بے مثال قربانیوں کی بدولت سرمایہ کار واپس آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

جو صوبے میں امن و آشتی اور سرمایہ دارانہ اور دوستانہ ماحول کی آئینہ دار ہیں۔ اس موقع پر وفد کے ارکان نے انڈسٹریل اسٹیٹ میں علیحدہ پولیس اسٹیشن بنانے کا مطالبہ کیا اور ساتھ ساتھ درپیش ٹریفک مسائل سے آئی جی پی کو آگاہ کیا۔

وفد کے ارکان سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے بے پناہ مسائل و مشکلات اور درپیش چیلنجوں کے باوجود دہشت گردوں کے خلاف کمر بستہ ہو کر مردانہ وار مقابلہ کیا اور اس دوران وطن کی مٹی پر قربان ہونے کی شہیدوں کی ایک طویل فہرست بھی بنا ڈالی اور صوبے میں امن کے پودے کی آبیاری اپنے قیمتی خون سے کی۔ آئی جی پی نے مزید کہا کہ فورس کی دن رات سخت محنت پیشہ ورانہ کاوشوں اور بہترین حکمت عملی کی بدولت بھتہ خوری میں 84 فیصد کمی آئی جبکہ دیگر جرائم میں بھی خاطر خوا کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔

آئی جی پی نے وفد کے ارکان کو اُن کے جائزمطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس اور تمام تاجر برادری باہمی مشاورت سے درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک جامع پلان مرتب کرے گی۔ وفد کے ارکان نے آئی جی پی کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امن و آمان کے قیام کے لیے اپنی ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :