بچوں پر جنسی تشدد اور منشیات سے بچائو کے حوالے سے پوسٹ گریجویٹ کالج فار کامرس ایچ ایٹ میں سیمینار کاانعقاد

جمعرات 3 مئی 2018 19:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) بچوں پر جنسی تشدد اور منشیات سے بچائو کے حوالے سے پوسٹ گریجویٹ کالج فار کامرس ایچ ایٹ میں ایک سیمینار منعقد ہوا جس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری ،ڈائریکٹر ایف ڈی ای عنبر سلطانہ،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد ،اسلام آباد کے سکول و کالجز کے پرنسپلز،پروفیسر ز،طلباء و طالبات کے علاوہ کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈیویلپمنٹ ڈویژن کے ممبران ،سی ڈی اے کے افسران نے شرکت کی ۔

آئی جی اسلام آباد نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ آج کے اس سیمینار میں والدین اور اساتذہ نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے اس مہم میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے سکول و کالجز میں بچوں پر جنسی تشدد کی روک تھام اور منشیات سے بچائو کے حوالے سے ایک مہم شروع کی ہوئی ہے جس میں اسلام آباد پولیس کی ایجوکیشن ٹیم مختلف تعلیمی اداروں میں اس حوالے سے لیکچرز دے رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بچوں پر جنسی تشدد کی روک تھام اور منشیات کے استعمال سے بچائو کے لئے آگاہی مہم بہت ضروری ہے ۔اس موقع پر انہوں نے ڈی جی ایف ڈی ای حسنات احمد قریشی کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں اس ناسور سے بچنے کے لے اسلام آباد پولیس کا بھرپور ساتھ دیا ۔آئی جی نے کہا کہ ہم نے تہیا کر رکھا ہے کہ اسلام آباد اور خصوصا تعلیمی اداروں سے منشیات کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔

اسلام آباد پولیس نے ضلع بھر میں منشیات اور سوشل کرائم کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون بھی شروع کیا ہوا ہے ۔ہم نے اپنے نئی جنریشن کو اس ناسور سے بچانا ہے ایسے تمام عناصر جو اس گھنائونے کام میں ملوث ہیں ان کو پکڑ ا جائے گا اور اس حوالے سے آپ سب کا تعاون بہت ضروری ہے ۔آئی جی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے طلباء میں منشیات کے استعمال کو روکنے کے لئے بچوں کا میڈیکل چیک اپ کروانے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا کیونکہ ایسے بچے جو منشیات کا استعمال کرتے ہیں لیکن ان کا پتہ نہیں چلتا اور جب پتہ چلتا ہے تو بہت دیر ہو چکی ہوتی ہے ایسے بچوں کو اس ناسو ر سے بچایا جا سکے ۔

اور اس میڈیکل چیک مہم میں اساتذہ کرام کی مدد کی ضرورت ہو گی ۔آئی جی نے مزید کہا کہ بچوں پر جنسی تشدد کی روک تھام میں کے لئے ایک حفاظتی سنٹر قائم کیا گیا ہے جس میں 8090ہیلپ لائن بھی مہیا کی گئی ہے جس پر کسی بھی ایسی صورت میں کال کی جا سکتی ہے پولیس پانچ سے سات منٹ میں ریسپانس کرے گی اور لائر ،سائیکالوجسٹ ،ڈاکٹر اور لیگل ٹیم گھر کی دہلیز پر خدمات مہیا کرے گی ۔

انہوں نے تمام خواتین اساتذہ کو بھی درخواست کی وہ اس سنٹر کا دورہ کریں اور اس میں مزید بہتری لانے کے لئے اپنی قیمتی تجاویز دیں ۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کمیونٹی پولیسنگ پر یقین رکھتی ہے اور ہم سب ایک دوسرے کے پارٹنر بن کر کام کریں گے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ ہماری ان تمام آگاہی مہم میں چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھرپور مدد فراہم کررہے ہیں جس پر میں ان کا تہہ دل سے مشکور ہوں ۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے یہ آگاہی مہم ایک انتہائی قابل تحسین اقدام ہے اس سلسلہ میں اسلام آباد انتظامیہ بھی پولیس کی بھرپور مدد کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے ۔آخر میں شرکاء سیمینار نے اسلام آباد پولیس اور خصوصا آئی جی اسلام آباد کا اس اقدام پر شکریہ ادا کیا ۔