فاٹا اصلاحات پر عملدرآمد کا آغاز محمد نواز شریف کے فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے وعدے کی تکمیل ہے،عابد شیر علی

قومی ، صوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی سے فاٹا میں ہسپتال، سکول، انفراسٹرکچر کی ترقی ہو گی، آصف زرداری کے الزامات جھوٹ کا پلندہ ،سیاہ کاریوں پر نواز شریف پردے نہیں ڈال سکتے، عوام ان کی کارکردگی سے واقف ہیں، نواز شریف نے چار ٹر آف ڈیموکریسی پر عمل کیا ،زرداری خود منحرف ہوئے،صحافیوں سے گفتگو آصف زرداری کسی اور کے ایجنڈے اور کسی اور کے گھوڑے پر بیٹھ کر پنجاب آئے ہیں، رانا محمد افضل

جمعرات 3 مئی 2018 19:26

فاٹا اصلاحات پر عملدرآمد کا آغاز محمد نواز شریف کے فاٹا کو قومی دھارے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہاہے کہ فاٹا اصلاحات پر عملدرآمد کا آغاز محمد نواز شریف کے فاٹا کے عوام کو قومی دھارے میں لانے کے وعدے کی تکمیل ہے،قومی ، صوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی سے فاٹا میں ہسپتال، سکول، انفراسٹرکچر کی ترقی ہو گی، آصف زرداری کے الزامات جھوٹ کا پلندہ ،سیاہ کاریوں پر نواز شریف پردے نہیں ڈال سکتے، عوام ان کی کارکردگی سے واقف ہیں، نواز شریف نے چار ٹر آف ڈیموکریسی پر عمل کیا ،زرداری خود اس سے منحرف ہوئے۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فاٹا اصلاحات کاآغاز محمد نواز شریف نے شروع کیا اور اصلاحات کیلئے ایک کمیٹی بنائی جس کیلئے جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ، سرتاج عزیز اور ان کی ٹیم نے سٹیک ہولڈرز ، سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد ایک مکمل اصلاحاتی ایجنڈا مرتب کیا اور اب اس پر عملدرآمد کا وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی نے جو اعلان کیا ہے اس سے فاٹا کے عوام، فاٹا کے نوجوانوں کو ملک کے دیگر حصوں کی طر ح ترقی کرنے اور ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیگر فنڈز کے علاوہ ترقیاتی فنڈز وفاق کی طرف سے فراہم کئے جائیں گے اور فاٹا قومی دھارے میں شامل ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ یہ ہماری حکومت کا فاٹا کے عوام کے لئے تحفہ ہے اس پر سیاست اور پوائنٹ سکورنگ نہیں ہونی چاہیے کیونکہ یہ فاٹا کے عوام کی بنیادی ضروریات کی تکمیل کی جانب قدم ہے۔ ایک سوال کے جواب میں عابد شیر علی نے کہاکہ عملدرآمد کمیٹی اس کی مکمل نگرانی کرے گی ۔

بلدیاتی نمائندوں کے انتخاب، قومی اور صوبائی اسمبلی میں فاٹا کی نمائندگی ہوگی جس کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ آصف زرداری کے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی سیاہ کاریوں پر نواز شریف پردے نہیں ڈال سکتے۔ عوام ان کی کارکردگی سے واقف ہیں۔ پنجاب میں ان کی پارٹی کی سیاست ختم ہو چکی ہے اب وہ الزام تراشیوں کا سہارا لینا چاہتے ہیں لیکن اس میں بھی انہیں ناکامی ہوگی ۔

پوری قوم نواز شریف کے کردار، ان کی جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لئے کوششوں سے واقف ہیں اور نوازشریف پورے ملک کی ترقی کا ایک نام ہے۔وزیر مملکت خزانہ رانا محمد افضل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے آصف علی زرداری کسی اور کے ایجنڈے اور کسی اور کے گھوڑے پر بیٹھ کر پنجاب آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کی پہلے ہی ساکھ متاثر ہے، چاہیے تو یہ تھا کہ وہ اس طرف توجہ دیتے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں رواداری ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے فاٹا اصلاحات کا وعدہ کیا تھا اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس پر عملدرآمد کا اعلان کر دیا ہے جو ایک حکومت کا فاٹا کے لئے تحفہ ہے۔