قصور،تھانہ سٹی چونیاں پولیس کی بڑی کاروائی

ڈکیتی ،راہزنی او دیگروارداتوں میں ملوث بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ 3ساتھیوں سمیت گرفتار ،ْلاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد

جمعرات 3 مئی 2018 20:41

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) تھانہ سٹی چونیاں پولیس کی بڑی کاروائی ،ڈکیتی ،راہزنی ،رابری،چوری اوراسلحہ ناجائز کی متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ اعظم عرف اجو اپنی3ساتھیوں سمیت گرفتار ،ملزمان نے چونیاں اور اسکے گردونواح میں راہزنی کی وارداتوں کا بازار گرم کررکھا تھا ۔ ملزمان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ اور جدید ناجائز اسلحہ برآمدکرلیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار ایس پی انویسٹی قدوس بیگ نے تھانہ سٹی چونیاں میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر اے ایس پی چونیاں سرکل عمران خاں بھی موجود تھے ۔

ایس پی انویسٹی گیشن نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بدنام زمانہ ڈاکواعظم عرف اجو نے اپنے دیگر ساتھیوں عرفان عرف پھانی چوہا،اکرم عرف اکری، احمد علی عرف چاچا وغیرہ پر مشتمل ایک خطرناک ڈکیت گینگ تشکیل دے رکھا تھا جوچونیاں چھانگا مانگا روڈ،حجرہ روڈ،کھڈیاں روڈ،چوچک روڈ،پتوکی روڈ پررات کے وقت روڈ بلاک کر کے اسلحہ کے زور پر راہگیروں سے نقدی ،موبائل فون،طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان چھیننے کی وارداتیں کرتے تھے اور اسکے ساتھ ساتھ مویشی چوری کی بھی وارداتیں کرتے تھے ملزمان مزاحمت کرنے پر فائر مارنے سے بھی گریز نہ کرتے تھے ملزمان نے علاقہ تھانہ سٹی اور صدر چونیاں میں وارداتوں کا بازار گرم کر رکھا تھااور پولیس کیلئے چیلنج بنے ہوئے تھے، خطرناک ڈکیت گینگ کی گرفتاری کیلئے ڈی پی اوقصور زاہد نواز مروت کی خصوصی ہدایات پر ایس پی انویسٹی گیشن قدوس بیگ کی زیر نگرانی ، اے ایس پی چونیاں عمران خاں کی سربراہی میں ایس ایچ او سٹی چونیاں محمد یاسر،طارق محمودASI و دیگر ملازمان پر سپیشل ٹیم تشکیل دی گئی ،جنہوں نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اور شب وروز کی انتھک محنت سے اس گینگ کو ٹریس کیا اور گینگ کے سرغنہ اعظم عرف اجو کوتین ساتھیوں سمیت گرفتار کر کے ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ ناجائز چار عدد پسٹل،کثیر تعداد میں گولیاں اور مال مسروقہ نقدی 3لاکھ 85ہزار 7سو روپے اور ایک راس بھینس مالیتی ایک لاکھ روپے برآمد کرلیے ہیں ۔

(جاری ہے)

دوران انٹیروگیشن ملزمان نے ڈکیتی،رابری ،راہزنی،مویشی چوری اور اسلحہ ناجائز کی متعدد سنگین وارداتوں کا انکشاف کیا ہے ملزمان سے مزید انٹیروگیشن جاری ہے جن سے مزید برآمدگی اور اہم انکشاف متوقع ہیں۔ڈی پی اوقصور زاہد نواز مروت نے اچھی کارکردگی پر پولیس ٹیموں کیلئے نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹ کا اعلان بھی کیا ہے۔