حیدرآبادشہر کے مختلف علاقوں میں کھڑے پانی کی نکاسی اورتجاوزات کے خاتمے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کام جاری ہے، ڈپٹی کمشنر

جمعرات 3 مئی 2018 20:46

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) حیدرآبادشہر کے مختلف علاقوں میں کھڑے پانی کی نکاسی اورتجاوزات کے خاتمے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کام جاری ہے،سپریم کورٹ کے حکم پرقائم واٹرکمیشن کے چیئرمین جسٹس (ر)امیرہانی مسلم خود ان کاموں کی نگرانی کرر ہے ہیں،شہر میں ٹریفک کے مسائل کو مرحلہ وار حل کیا جائے گا،پہلے مرحلے میں مختلف مقامات پر وھیل اسٹوپرز ،زردمارکنگ اور سائن بورڈزلگائے جائیں گے،ٹریفک کے مسائل کا حل تاجر برادری اورشہریوں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔

ان خیالات کا اظہارڈپٹی کمشنر حیدرآباد و چیئرمین ضلعی ٹریفک مینجمنٹ بورڈانیس احمد دستی نے شہبازبلڈنگ میں واقع اپنے دفترمیں ضلعی ٹریفک مینیجمنٹ بورڈ کے تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایس ایس پی حیدرآبادپیرمحمد شاہ، اے ڈی سی ون غلام قادرجونیجو،سیکریٹری آرٹی اے اوکاش میمن،ممبرسی پی ایل سی نوازمیمن ،ایوان صنعت و تجارت حیدرآباد کے نائب صدر ضیاء الدین قریشی، انجمن تاجران حیدرآباد کے صدر سلیم وہرہ سمیت دیگرمتعلقہ اداروںکے نمائندوں نے شرکت کی اجلاس میں ایس ایس پی ٹریفک پیرمحمد شاہ نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر میں ٹریفک مسائل کی وجوہات اورحل کے تعین کے لیے سروے کے بعد تجاویز مرتب کی گئی ہیں،ٹریفک جام کی خاص وجہ ٹریفک سگنلز اوررکاوٹوں کانہ ہونا ہے،اس وقت شہر میں صرف 2سگنلز ہیں جبکہ 8سے 10مزید سگنلز کی ضرورت ہے،جبکہ دوسری جانب کاروباری اوررہائشی علاقوں بالخصوص گاڑی کھاتہ،کوہ نور چوک،تلک چاڑی،مولاعلی قدم ،حیدرچوک،گول بلڈنگ،کینٹونمنٹ روڈاوردیگر جگہوں پر پاکنگ کے لیے خالی سرکاری اورغیرسرکاری جگہوں کا تعین کیا گیا ہے ،دوسری جانب مخالف سمت اورقانون توڑ کر آنے والے ٹریفک کی روک تھام کے لیے تقریبا 80رکاوٹیں قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ ضلعی حکومت کے رضاکاروں کی ٹریفک پولیس کے ہمراہ موجودگی وتعیناتی ناگزیر ہے انہوں نے بتایا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو حیدرآباد پولیس کا بھرپورتعاون حاصل ہوگا، جبکہ رمضان میں بازاروں اورتجارتی مراکز کی سیکورٹی کے لیے پولیس کی نفری میں بھی اضافہ کیا جائے گااس موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد انیس احمد دستی نے کہا کہ حیدرآبادشہر میں ٹریفک کا مسئلہ دن بہ دن شدت اختیار کرتا جارہا ہے،جگہ جگہ ٹریفک جام معمول بن گیا ہے ،موثرودیرپاحل کے مدنظر مرحلہ وارحکمت عملی بنائی گئی ہے،پہلے مرحلے میںمخالف سمت اورقانون توڑ کر آنے والے ٹریفک کی روک تھام کے لیے مختلف مقامات پر وھیل اسٹوپرز،پارکنگ کے لیے زردمارکنگ اورآگاہی ومعلومات کے لیے سائن بورڈز نصب کیے جائیں گے،جبکہ دیگرمراحل میں سگنلز میں اضافہ اوردیگراقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں مختلف مقامات پر کھڑے گندے پانی کی نکاسی اورکاروباری علاقوں میں انکروچمنٹ کے خاتمے کا کام روزانہ کی بنیادپرجاری ہے،واٹرکمیشن کے چیئرمین خود ان کاموں کی نگرانی کررہے ہیں،جبکہ نکاسی آب کے منصوبوں کے لیے ترقیاتی اسکیموں کا آغاز اگلے بجٹ سے کیا جائے گا۔انہوں نے بتایاکہ تمام ادارے ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے ضلعی ٹریفک مینیجمنٹ بورڈ کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں،میئرحیدرآبادسے بھی ٹریفک کے مسائل کے حوالے سے بات کی جائے گی،انہوں نے تاجر برادری کے تعاون کوسراہتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کے مسائل کا حل تاجربرادری اورشہریوں کے تعاون کے بغیرممکن نہیں،تجاوزات کے خاتمے کے لیے تاجر برادری بھرپورتعاون کرے۔

اس موقع پر ایون صنعت و تجارت حیدرآباد کے نائب صدرضیاء الدین قریشی اورانجمن تاجران حیدرآباد کے صدر سلیم وہرہ نے یقین دلایا کہ تاجر برادری کا تعاون ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہمیشہ رہا ہے اوررہے گا،تاجر برادری ٹریفک کے مسائل سے سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہے ،ضلعی انتظامیہ کے ہرجائز اقدام میں تاجر برادری ان کے ساتھ ہے۔