بورے والا، دکان کے تنازعہ پر فائرنگ سے 2 افرا د جاں بحق،3 شدیدزخمی

جمعرات 3 مئی 2018 20:47

بوریوالا۔3 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) بوریوالا کے نواحی قصبہ ساہوکا میں دکان کی ملکیت کے تنازعہ پر دو فریقین میں فائرنگ کے نتیجہ میں دو افرا د جاں بحق جبکہ مقتول کی بیوی سمیت تین افراد شدید زخمی ہوگئے ، بتایا جاتا ہے کہ قصبہ ساہوکا چشتیاں روڈ پر واقع ایک مرلہ کی دکان پر مقتول مختیار شاہ ولد رشید شاہ کا قبضہ تھا ،اس کے سالے مختیار شاہ ولد شبیر شاہ نے اپنے ساتھیوں جاوید شاہ ، ناصر انصاری ،عبدالستار شاہ ،محمد ابراہیم اور اسماعیل وغیرہ نے مسلح ہو کر ہلہ بول دیا اور فائرنگ شروع کر دی، مختیار شاہ ولد رشید شاہ اپنی بیو ی سدرہ بی بی کے ہمراہ اپنے عزیز عدنان شاہ کے گھر پہنچے تو چوبارے پر کھڑے ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں گولی لگنے سے مختیار شاہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اس کی بیوی سدرہ بی بی شدید زخمی ہو گئی ،فائرنگ کے تبادلہ میں مخالف فریق کا ناصر انصاری بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے رورل ہیلتھ سنٹر ساہوکامیں چل بسا جبکہ جاوید شاہ کو زخمی حالت میں ٹی ایچ کیوہسپتال بورے والا ریفر کر دیا گیا ہے، پولیس نے چار ملزمان ابراہیم ،عبدالستار ،مختیار احمد شاہ اور محمد اسماعیل کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔