پولیو کی بیخ کنی ناگزیر ہے،نعمان افضل

جمعرات 3 مئی 2018 21:09

ڈ ی آئی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نعمان افضل آفریدی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے نونہالوں کو معاشرے کا فعال اور صحت مند شہری بنانے کیلئے حکومت کی طرف سے انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو وائرس سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوانے چاہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں رواں ماہ کی 7تاریخ سے شروع ہونے والی سہ روز ہ انسداد پولیو مہم کے دوران انتظامات سے متعلق جائزہ اجلاس سے کیا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ، اسسٹنٹ کمشنر پہاڑپور، درابن ، پروآ، ای پی آئی و ڈبلیو ایچ او کے نمائندے، این ایس ٹی او پی آفیسر، ڈی ایچ سی ایس او، محکمہ پولیس، تعلیم ، بلدیات و دیگر اداروں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں ماہ کی 7 تاریخ سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 3لاکھ 5ہزار سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلوانے کا ہدف پورا کیا جائیگا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو ایک عفریت کی شکل اختیار کر چکا ہے جس کی بیخ کنی کرنا انتہائی ضروری ہے۔اس سلسلے میں معاشرے کے تمام افراد کو اپنی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے چاہیے کہ وہ اپنے 5سال تک کی عمر کے بچوں کوانسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ مہموں کے دوران پائے جانے والے نقائص ،خامیوں اور انسداد پولیو کے قطرے پلوانے سے انکاری والدین پر خصوصی توجہ دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس مقدس فریضے کی تکمیل میں تمام ادارے انتہائی جانفشانی اور محنت سے فرائض سرانجام دیں۔ انہوں نے محکمہ پولیس کو ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کے تحفظ اور فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انسداد پولیو مہم کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو فوری ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :