کوہاٹ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ،حساس مقامات کی نگرانی کا عمل مزید تیز

جمعرات 3 مئی 2018 21:09

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) کوہاٹ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرکے حساس مقامات کی نگرانی کا عمل مزید تیز کردیا گیا ہے۔اس حوالے سے ضلع بھر میں واقع سرکاری و نجی تعلیمی اداروں،عبادت گاہوں،ٹرانسپورٹ اڈوں،ریلوے سٹیشنوں،مالیاتی اداروں،بازاروں،تفریح گاہوں اور رش والے دیگر عوامی مقامات سمیت حساس اورآسانی سے دہشتگردی کا ہدف بننے والے سرکاری و نجی اہم تنصیبات پر ریپڈ رسپانس فورس کی انسداد دہشتگردی کی جاری خصوصی مشقوںکا دائرہ کاربھی بڑھادیا گیا ہے۔

ملک بھرمیںسیکیورٹی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظرجاری تھریٹ الرٹ کے تناظر میں کوہاٹ میں بھی حفاظتی اقدامات سخت کرتے ہوئے پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کو کسی بھی ممکنہ خطرات سے مئوثر طور پر نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی خصوصی ہدایت پر کسی بھی غیر یقینی صورتحال سے مئوثر طور پر نمٹنے کیلئے کوہاٹ بھر میں واقع حساس اور آسانی سے دہشتگردی کا ہدف بننے والے اہم مقامات پر پولیس اور ایلیٹ فورس نے انسداد دہشتگردی کی نسبت جاری خصوصی مشقوں کا سلسلہ تیزکردیا ہے ۔

شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے جدید ہتھیاروں ،مواصلاتی نظام اور آلات حرب سے لیس پولیس کی ریپڈ رسپانس فورس کے دستوں نے جمعرات کی صبح ایس پی آپریشنز جمیل اختر کی براہ راست نگرانی میں نئے پولیس لائن،ٹریفک منیجمنٹ سکول خیبر پختونخواکوہاٹ اور کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (کسٹ)میںانسداد دہشتگردی کے حوالے سے موک ریہرسل کا انعقاد کیا ۔

انسداد دہشتگردی کی ان فرضی مشقوں میں حصہ لینے والی پولیس اور دہشتگردوں کے مقابلے میں دست بدست لڑائی کی فیلڈ کمبیٹ کے پیشہ ورانہ تربیتی طریقہ سے بہتر طور پر روشناس ایلیٹ فورس کے خصوصی کمانڈوز دستوں کی قیادت ڈی ایس پی صدر ظاہر شاہ،ڈی ایس پی ایلیٹ فورس کوہاٹ ریجن عرفان خان،انچارج ریپڈ رسپانس فورس انسپکٹر سجاد حسین اور ایس ایچ او تھانہ جرما سب انسپکٹر وقار احمد کررہے تھے۔

انسداد دہشتگردی کی ان مشقوں میں پولیس کی بم ڈسپوزل سکواڈ،سراغ رساں کتوں کی ٹیم ،بھاری مشین گنوں سے لیس بکتر بند گاڑیوں ،ایمبولینسوں اور ریسکیو ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔موک ریہرسل کے دوران پولیس اورریپڈ رسپانس فورس کی ایلیٹ کمانڈوز نے دہشتگردی سے متاثرہ مقام پر فوری پہنچنے ،یرغمالیوں کو بحفاظت باہر نکالنے اورحملہ آور دہشتگردوں کا بھر پور قوت کیساتھ مقابلہ کرکے انکی گرفتاری یا بصورت مزاحمت انہیں ہلاک کرکے علاقے کو کلئیر کرنے کی عملی مشقوں کا مظاہرہ کیا۔

انسداد دہشتگردی کی مشقوں کے دوران حساس اور آسانی سے ہدف بننے والے مقامات کی سیکیورٹی اور ارد گرد کے ماحول کی مجموعی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان مقامات پرمستقل تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کو کسی بھی ممکنہ خطرات سے نمٹنے ،غیر یقینی صورتحال میں ثابت قدم رہنے،اپنے اور اپنے ساتھی کی حفاظت کرنے اور افرا تفری کے ماحول میں اپنے فرائض منصبی بخوبی انجام دیکر شرپسندوں کے سامنے ڈٹ کر بہادری سے مقابلہ کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

علاوہ ازیں ملک دشمن عناصر کے مزموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لئے پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے مشترکہ حکمت عملی طے کرلی ہے اورممکنہ خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے عوام سے بھی سیکیورٹی عوامل میں تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔