پنجاب اسمبلی کا اجلاس اراکین اسمبلی کی عدم دلچسپی اور شرکت کے باعث کورم کی نشاندہی پر ملتوی کر دیا گیا

جمعرات مئی 22:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی2018ء) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کی زیر صدارت ہونے والا پنجاب اسمبلی کا اجلاس اراکین اسمبلی کی عدم دلچسپی اور شرکت کے باعث کورم کی نشاندہی پر آج صبح نو بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا اپنے مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ بیس منٹ کی تاخیر سے شروع ہونے والا اجلاس کے ایجنڈے میں محکمہ زراعت اور محکمہ مال سے متعلق اراکین اسمبلی کے سوالات کے جواب دئیے جانے تھے لیکن صوبائی وزیر تجارت نعیم بھابھا کی ایوان میں عدم موجودگی کے باعث محکمہ زراعت سے متعلق سوالات موخر کر دئیے گئے جبکہ صوبائی وزیر مال چوہدری شیر علی نے اپنے محکمہ سے متعلق مختلف اراکین اسمبلی کے سوالوں کے جواب دیدئیے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے ایجنڈے میں توجہ دلائو نوٹس اور سرکاری کارروائی کے دوران دو مسودات قانون پیش کئے جانے اور ان کی منظوری کے ساتھ ساتھ محکمہ خوراک پر عام بحث شامل تھی لیکن اراکین اسمبلی کی عدم دلچسپی کی وجہ سے اجلاس کا باقی ایجنڈا دھرے کا دھرے رہ گیا وقفہ سوالات کے فوری بعد حزب اختلاف کے بنچوں سے کورم کی نشاندہی کر دی گئی سپیکر اسمبلی کی جانب سے ایوان میں موجود اراکین اسمبلی کی گنتی کروائے جانے پر کورم نامکمل پایا گیا جس پر سپیکر نے اسمبلی کا اجلاس آج صبح نو بجے تک ملتوی کر دیاقبل ازیں رکن اپوزیشن نبیلہ حاکم علی نے مقامی اخبار کی خبر کے حوالے سے ٹی بی کے مریضوں کے متعلق ایک تحریک التواء کار ایوان میں پیش کی گئی جس پر بحث آئندہ اجلاس تک کیلئے ملتوی کر دی گئی۔