فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد ،700 سے زائد مریضوں کا معائنہ اور مفت ادویات فراہم کی گئیں

الخدمت ملک بھر میں عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے : صبا ثاقب

جمعرات 3 مئی 2018 21:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) الخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ کے زیر اہتمام لاہور کی نواحی آبادی گلگشت ٹاؤن میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جہاں سے سات سو سے زائد مریضوں جن میں خواتین اور بچو ں کی بڑی تعداد شامل تھی کا معائنہ کیا گیا - میڈیکل کیمپ میں چار لیڈی ڈاکٹرز اور دیگر عملہ نے حصہ لیا جبکہ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ لاہور کی سیکرٹری جنرل صبا ثاقب اور شعبہ صحت کی انچارج محترمہ خالدہ اشرف بھی موجود تھیں- ڈاکٹر وں نے گائینی مریضوں کا بھی معائنہ کیا اور تمام مریضوں کو مفت ادویات بھی دی گئیں- اس موقع پر صبا ثاقب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل فری کیمپ کا مقصد غریب افراد کو صحت کی سہولیات پہنچانا ہے اور اس حوالے سے الخدمت نہ صرف لاہور بلکہ ملک کے طول و عرض میں غریب عوام کو صحت کی سہولتیں ان کے گھر پہنچانے کے لئے کوشاں ہے - علازہ ازیں الخدمت تعلیم اور روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ دیگر شعبہ جات میں بھی عوام کی خدمت کر رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :