پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ، اسکے عالمی سطح پر معاشی ترقی کے تعلقات قائم ہیں ، گورنرسندھ محمد زبیر

جدید دور میں عالمی سفارت کاری اور اس کے پاکستان پر اثرات ایک اہم موضوع ہے ریاست کے لئے فیصلہ و پالیسی کی قوت اور وکالت معاشی سفارت کاری کی روایتی طور پر وضاحت کرتے ہیںسیاسی ماحول میں ملک کی معاشی صورتحال کا تجزیہ کرنے کے لئے فنی مہارت کی ضرورت ہے،سیمینار سے خطاب

جمعرات 3 مئی 2018 21:04

پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ، اسکے عالمی سطح پر معاشی ترقی کے تعلقات ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور اسی منابست سے اس کے عالمی سطح پر معاشی ترقی کے تعلقات قائم ہیں ، جدید دور میں عالمی سفارت کاری اور اس کے پاکستان پر اثرات ایک اہم موضوع ہے ، ریاست کے لئے فیصلہ و پالیسی کی قوت اور وکالت معاشی سفارت کاری کی روایتی طور پر وضاحت کرتے ہیںسیاسی ماحول میں ملک کی معاشی صورتحال کا تجزیہ کرنے کے لئے فنی مہارت کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آبا د یونیورسٹی میں ’’عصر حاضر میں معاشی سفارت کاری اور اس کے پاکستان پر اثرات ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سیمینار میں کموڈور(ریٹائرڈ) محمد الیاس ، BT انٹر لیکچول فورم کے صدر میجر جنرل ( ریٹائرڈ ) محمد علی خان اور دیگر افراد موجود تھے ۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ تجارت کے فروغ ،معاشی پیداوار بڑھانے کی حوصلہ افزائی ، پر کشش غیر ملکی سرمایہ کاری اور پاکستانی بزنس کی حمایت فنی مہارت سے ہی ممکن ہے ، معاشی سفارت کاری سے روایتی سفارت کے برعکس براہ راست خوشحالی ، معاشی صلاحیتوں کے استحکام اور قومی معاشی مفادات کی بہترین حفاظت ہو سکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج کے عالمی معاشی دور میں چین کا ون روڈ ون بیلٹ ایک نہایت زبردست منصوبہ ہے، 2013 ء میں چین نے دنیا کے سامنے قدیم شاہراہ ریشم کی بحالی کے لئے اس پر بڑے پیمانے پر انفرااسٹرکچر کی ترقی کا کام شروع کیا اور شاہراہ ریشم کے ارد گرد پورٹس کی تعمیر شروع کرائی یہ منصوبہ پاکستان سے ہو کر گذررہا ہے جسے چین پاکستان اقتصادی راہداری کا نام دیا گیا ہے چین کی اپنی پالیسی کے تحت جاری منصوبے دنیا بھر میں پر کشش اہمیت کے حامل ہیں اور اس کے پاکستان پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ،سی پیک کی تکمیل سے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع دستیاب ہونگے ، وسیع سڑکیں ، ریلوے ، پورٹس اور توانائی کے منصوبوں سے پورے پاکستان میں خوشحالی یقینی ہے ، سی پیک کے ذریعہ اگلے 15 برس میں پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں غیر معمولی اضافہ ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ قومی سیکیورٹی اور معیشت کا براہ راست تعلق ہے اور دونوں کی مضبوطی سے نا قابل تسخیر دفاع یقینی بنایا جا سکتا ہے ، میری ٹائم سیکٹر کسی بھی ملک میں وسیع فائدے اور وسیع ترقی کا حامل ہوتا ہے اس ضمن میں موجودہ حکومت عوام کی رائے سے میری ٹائم کی ترقی کے لئے کام کررہی ہے جس کا مظاہرہ قومی میری ٹائم پالیسی میں واضح دیکھا جا سکتا ہے ۔ #