خیبر پختونخوا پولیس میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کوئی کمی نہیں،صلاح الدین خان

کھیلنے کے مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ دنیا بھر میں نہ صرف اپنے صوبے بلکہ ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں،آئی جی پی کا تقریب سے خطاب

جمعرات 3 مئی 2018 22:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کوئی کمی نہیں۔ انہیں کھیلنے کے مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ دنیا بھر میں نہ صرف اپنے صوبے بلکہ ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر سی پی اُو میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب سے خطاب میں کیا۔

ضلع پشاور پولیس کے کانسٹیبل محمد اشفاق نے مسٹر کے پی کے ، مسٹر پشاور باڈی بلڈنگ چیمپئین شپ، پشاور انٹرپراونشل گولڈ میڈل اور سعید رحمان کلاس چیمپیئن شپ جیت چکے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ مقابلے قیوم سٹیڈیم پشاور اور لاہور میں منعقد ہوئے تھے۔اس موقع پر محمد اشفاق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے محکمہ پولیس کی مکمل سپورٹ چاہئے اور میں آگے بھی چیمپئین مقابلوں کی تیاری کرنا چاہتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ میں خیبر پختونخوا پولیس کا نام روشن کرنا چاہتا ہوں۔آئی جی پی صلاح الدین خان نے کھلاڑی محمد اشفاق سے اظہار خیال میں کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ خیبرپختونخوا کے کھلاڑی صوبائی اور قومی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیںاور کئی کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر جونئیر اور سینئر ٹیموں تک رسائی میں بھی کامیاب ہوئے ہیں انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ کھیل کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم پر بھی توجہ دیں تاکہ مستقبل میں وہ بہترین کھلاڑی بننے کے علاوہ زندگی کے دیگر شعبوں میں بھی خدمات انجام دے سکیں۔

اس موقع پر آئی جی پی نے کانسٹیبل محمد اشفاق کو اپنی ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور انہیں نقد انعام اور توصیفی اسناد سے بھی نوازا۔پرنسپل سٹاف آفیسر برا ئے آئی جی پی سید علی اکبر شاہ اور ڈائریکٹر پبلک ریلشنز وقار احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔