لیبیا ، دہشت گردوں نے الیکشن کمیشن ہیڈکوارٹر پر دھاوا بول دیا

خودکش بم دھماکے اور دہشت گردوں کی فائرنگ سے بارہ افراد ہلاک، متعدد زخمی

جمعرات مئی 22:19

طرابلس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی2018ء) لیبیا میں دہشت گردوں نے الیکشن کمیشن ہیڈکوارٹر پر دھاوا بول دیا۔ خودکش بم دھماکے اور دہشت گردوں کی فائرنگ سے بارہ افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لیبیاکے دارالحکومت تریپولی میں دہشت گردوں نے الیکشن کمیشن ہیڈکوارٹر پرحملہ کردیا۔ جس میں بارہ افراد ہلاک،، متعدد زخمی ہو گئے۔

سکیورٹی حکام کے مطابق ایک خودکش بمبار نے خود کو عمارت کے اندر اڑا لیا جبکہ اس کے ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے عمارت کے اندر داخل ہوئے اور اسے آگ لگا دی۔

(جاری ہے)

ترجمان لیبین الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات کے پیش نظر الیکشن کمیشن ہیڈکوارٹر میں ووٹرز کی رجسٹریشن جاری تھی۔ دہشت گردوں کے حملے میں دیگر افراد کے ساتھ تین افسر بھی ہلاک ہوئے۔

حملے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور بھرپور جواب دیتے ہوئے انہیں جہنم واصل کیا۔ لیبین حکام کے مطابق ابھی تک کسی دہشت گرد گروہ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ واضح رہے کہ لیبیا میں رواں برس کے آخر تک عام انتخابات متوقع ہیں۔ دوہزار گیارہ میں معمرقذافی کی ہلاکت کے بعد سے لیبیا میں افراتفری کی صورتحال ہے۔ معمرقذافی نے بیالیس برس تک لیبیا پر بلاشرکت غیرے حکمرانی کی۔