اسلام آباد ، صحافیوں پر پولیس تشدد ، پارلیمنٹ کی پریس گیلری سے صحافیوں کا واک آؤٹ

یہ اقدام انتہائی قابل مذمت ہے، خواتین صحافیوں پر تشدد کی انکوائری کریں گے،وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب آج ایوان بالا اور قومی اسمبلی میں اس واقعہ کی تفصیلات بیان کریں گی،وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان

جمعرات 3 مئی 2018 22:19

اسلام آباد ، صحافیوں پر پولیس تشدد ، پارلیمنٹ کی پریس گیلری سے صحافیوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) دارالحکومت اسلام آباد میں یوم آزادی صحافت کے موقع پر صحافیوں پر پولیس کی جانب سے وحشیانہ تشدد کے خلاف پارلیمنٹ کی پریس گیلری سے صحافیوں کا واک آؤٹ۔ اپوزیشن لیڈر شیری رحمن کی نشاندہی کے بعد پریس گیلری مکمل طور پر خالی ہو گئی۔ صحا فیوں کے واک آؤٹ کے بعد وفاقی وزیر برائے موسمی تغیرات مشاہد اللہ خان نے پریس گیلری میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ یہ اقدام انتہائی مذمت کے قابل ہے۔

(جاری ہے)

خواتین صحافیوں پر تشدد کی ہم انکوائری کریں گے۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب آج جمعہ کے ر وز ایوان بالا اور قومی اسمبلی میں اس واقعہ کی تفصیلات بیان کریں گی۔ مشاہد اللہ خان نے کہا کہ پس پردہ محرکات کو بے نقاب کریں گے۔ یوم آزادی صحافت کے موقع پر صحافیوں پر تشدد کی ہم ہر پلیٹ فارم پر مذمت کرتے ہیں۔ان محرکات کو میڈیا تک پہنچائیں گے۔ مشاہد اللہ خان نے کہا کہ حکومت اس واقعہ کی مذمت کرے گی۔ اپوزیشن لیڈر شیری رحمن نے پوائنٹ آف آرڈر پر اس ملک میں صحافیوں پر پولیس کی جانب سے تشدد کی نشاندہی کی جس کے بعد پریس گیلری سے میڈیا کے نمائندوں نے واک آؤٹ کیا۔۔