لاہور میں دو سال بعد انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ کی واپسی

ایس این جی پی ایل پاکستان انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ (سرکٹ ٹو)کا انعقاد پنجاب سکواش کمپلیکس میںہوگا

جمعرات 3 مئی 2018 22:25

لاہور میں دو سال بعد انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ کی واپسی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) پاکستان سکواش فیڈریشن کی ہدایت پر لاہور میں دو سال بعد انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ کی واپسی ہوگئی۔ ایس این جی پی ایل پاکستان انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ (سرکٹ ٹو) مینز اور ویمنز 25 جون سے 30 جون تک پنجاب سکواش کمپلیکس میں کھیلا جائیگا۔ سوئی نادرن گیس پائپ لائنز کے تعاون سے ہونیوالے اس دس ہزار ڈالر کے ایونٹ کو انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کا درجہ ورلڈ سکواش فیڈریشن نے اپنی گزشتہ میٹنگ میں دیا تھا۔

قبل ازیں ٹورنامنٹ میں انٹرنیشنل سکواش کی رینکنگ میں کوئی فرق نہیں پڑتا تھا مگر اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنی انٹرنیشنل رینکنگ بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔ جنرل سیکرٹری ایس این جی پی ایل سپورٹس سیل اشرف ندیم کے مطابق سوئی گیس کے کھلاڑیوں نے اپنی تیاریاں زورو شور سے شروع کرلی ہیں۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ کو شایان شان طریقے سے منعقد کروانے کیلئے پنجاب سکواش کے ساتھ مل کر تیاریاں بھی جاری ہیں۔

اشرف ندیم کے مطابق ٹورنامنٹ میں پاکستان کے تمام ٹاپ مرد اور خواتین کھلاڑی شرکت کریں گے۔ امید ہے کہ اس انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے انعقاد کے بعد انٹرنیشنل سکواش کے مزید راستے کھل جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب 25 جون کی سہ پہر کو ہوگی جس کے مہمان خصوصی ایم ڈی ایس این جی پی ایل امجد لطیف ہوں گیم، اس موقع پر پاکستان بھر سے سابق کھلاڑیوں کی بڑی تعداد کی آمد بھی متوقع ہے۔۔