کرا چی،آئی جی سندھ کا اٹک بسال روڈ پر بس کے قریب مبینہ بلاسٹ کے تناظر میں صوبائی سطح پر مجموعی سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کے احکامات

جمعرات 3 مئی 2018 22:36

کرا چی،آئی جی سندھ کا اٹک بسال روڈ پر بس کے قریب مبینہ بلاسٹ کے تناظر ..
کرا چی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2018ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے اٹک بسال روڈ پر بس کے قریب مبینہ بلاسٹ کے تناظر میں صوبائی سطح پر مجموعی سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنیکے احکامات تمام ڈی آئی جیز کو جاری کردیئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام اہم مقامات بشمول حساس تنصیبات، سرکاری نیم سرکاری دفاتر، عمارتوں، ریلوے اسٹیشنز، ایئر پورٹس، بس ٹرمینلز وغیرہ، تفریحی پارکس، ودیگر مقامات، فاسٹ فوڈ چینز، ہوٹلز، سمیت تمام صنعتی وتجارتی زونز، شاپنگ سینٹرز، بچت بازاروں، مارکیٹوں اور باالخصوص اہم روٹس / شاہراہوں پر سیکیورٹی کے جملہ اقدامات کو انتہائی سخت اور غیرمعمولی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ممکنہ مشکوک سرگرمیوں اور مشتبہ افراد کی کڑی نگرانی کے سلسلے میں علاقہ انٹیلی جینس نظام کو ہر سطح پر مؤثر بنایا جائے اور اس حوالے سے قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں / انٹیلی جینس ایجنسیوں سے روابط کو مضبوط اور مؤثر بنایا جائے تاکہ خفیہ معلومات / اطلاعات کی شیئرنگ سے فوری اور بروقت انسدادی اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام علاقوں میں اسنیپ چیکنگ اور پیٹرولنگ اقدامات اس طور ترتیب دیئے جائیں کہ تھانہ جات کی حدود میں قائم مساجد، امام بارگاہوں، مدارس، مزارات، درگاہوں سمیت اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات کی بھی سیکیورٹی کو غیرمعمولی بنایا جاسکے ۔انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ جملہ سیکیورٹی اقدامات پر عمل درآمد تمام ضلعی ایس ایس پیز اپنی نگرانی میں کرائیں گے جبکہ ایس ایچ اوز کو علاقوں میں موجودگی اور وقتاً فوقتاً ڈپلائمنٹ پوائنٹس کی سرپرائز چیکنگ کا بھی پابند بنائیں گے ۔#

متعلقہ عنوان :