او آئی سی کے وزراء خارجہ کی کونسل کا دو روزہ 45واں سیشن ہفتے کو ڈھاکہ میں شروع ہو گا

جمعرات 3 مئی 2018 22:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی) کے وزراء خارجہ کی کونسل کا دو روزہ 45واں سیشن ہفتے کو ڈھاکہ میں شروع ہورہا ہے ۔کانفرنس کا موضوع ’’ پائیدار امن یکجہتی اور ترقی کے لئے اسلامی اقدار‘‘ ہے۔ وزراء خارجہ روہنگیا مسلمان اقلیت کے مسئلے پر غور کریں گے۔ بنگلہ دیش ایک مناسب ملک ہے جہاں سے عالمی برادری تک روہنگیا مسلم اقلیت کے مصائب کے بارے میں اسلامی دنیا کا پیغام پہنچایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد وزراء خارجہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرینگی ۔اس کے علاوہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد اوتھیامین،بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ابولحسن اور دیگر رکن ممالک کے وزراء خارجہ بھی خطاب کرینگے۔کینیڈا کی وزیر خارجہ کرسٹیا فری لینڈ کانفرنس کی خصوصی مہمان ہونگی۔کانفرنس کا آغاز بنگلہ دیش اور میانمار کی سرحد پر کوکس بازارکے علاقے میں قائم پناہ گزینوں کے کیمپوں کے دورے سے ہوگا۔