چیف جسٹس نے صحافیوں کی پارلیمنٹ ہائوس جانیوالی ریلی کو روکنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا

جمعرات 3 مئی 2018 22:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) چیف جسٹس نے صحافیوں کی پارلیمنٹ ہاؤس جانے والی ریلی کو روکنے کے واقعے کانوٹس لے لیا۔جمعرات کو عالمی یوم صحافت پراسلام آباد میں صحافیوں کی جانب سے ایک ریلی نکالی گئی جس میں پی ایف یوجے اور متعدد ایسوسی ایشنز سمیت غیر ملکی میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکا نے پارلیمنٹ ہاؤس کی طرف مارچ کرنا تھا جہاں صحافیوں نے پارلیمنٹ کے سامنے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرنا تھا لیکن پولیس نے ریلی کو ڈی چوک پر ہی روک لیا اور آگے جانے کی اجازت نہ دی۔

پولیس کی جانب سے صحافیوں کیساتھ انتہائی نامناسب رویہ اختیار کیا گیا اور اس دوران پولیس اور صحافیوں کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی جس کے بعد ریلی کے شرکا نے پولیس رویئے کیخلاف احتجاجاً دھرنا دیدیا جبکہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریلی کو روکنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔