اسلام آباد میں ایم ایم اے کا قومی ورکرز کنونشن کامیاب ، باوقار اور فقید المثال تھا ‘لیاقت بلوچ

جمعرات 3 مئی 2018 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ اسلام آباد میں ایم ایم اے کا قومی ورکرز کنونشن کامیاب ، باوقار اور فقید المثال تھا ۔ جماعت اسلامی ، جمعیت علمائے اسلام (ف)، اسلامی تحریک ، جمعیت علمائے پاکستان ، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے مرکزی ، صوبائی ، ضلعی عہدیداران نے کنونشن میں بھر پور شرکت کی اور متحدہ مجلس عمل کے لائحہ عمل ، انتخابات کی تیاری اور رابطہ عوام مہم کے لیے قیادت سے رہنمائی لی ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ 13 مئی کو مینار پاکستان پر مجلس عمل کا جلسہ عام بھی انشاء اللہ تاریخ ساز ہوگا ۔ تمام جماعتوں نے جذبہ ایمانی اور جوش و جذبہ سے تیاریاں شروع کردی ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں تحریک تحفظ حرمین شریفین کے اجلاس کی صدارت کی اور کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاقیامت ایمان و یقین کی بنیاد پر قائم رہنے والے ہیں ۔

(جاری ہے)

اتحاد امت ہی عالم اسلام کے تحفظ کا ضامن ہے ۔ اجلاس میںکہا گیا کہ متحدہ مجلس عمل بلوچستان کے رہنما علی محمد ابو تراب آٹھ ماہ سے لاپتہ ہیں ۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ سیاسی ، سماجی اور مذہبی رہنما کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں نے انتھک جدوجہد اور جانوں کی قربانیاںدے کر مودی سرکارکو بے نقاب کردیاہے ۔ پاکستان کشمیر کا مقدمہ عالمی محاذ پر پوری جرأت سے لڑے ۔ ٹریک ٹواور بیک ڈور چینل ڈپلومیسی میں پاکستانی پالیسی ساز ہوشیار رہیں اور بھارتی چالبازی کا شکار نہ ہوں ۔